آزاد کشمیر صورتحال پر تشویش، معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں، سید صلاح الدین
اشاعت کی تاریخ: 1st, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
مظفر آباد:۔ حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ عوامی مسائل اور معاملات باہمی مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں، طاقت آزمائی، توڑ پھوڑ اور کشت و خون سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ میں عدم استحکام اور انتشاری صورت حال تحریک آزادی کشمیر کی پیش رفت اور کامیابی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ تحریک دشمن عناصر اور قابض سامراج اس تکلیف دہ صورت حال سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
سید صلاح الدین احمد نے ارباب اختیار اور عوامی ایکشن کمیٹی سے دردمندانہ اپیل کی کہ بیس کیمپ کی حساسیت اور جاری تحریک آزادی کی پشتیبانی کے لیے اس کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے معاملات و مطالبات کو ہٹ دھرمی کے بجائے درد دل اور جذبہ حب الوطنی سے حل کیا جائے۔ ملتِ مظلومہ جموں و کشمیر کو ایک مستحکم اور مضبوط بیس کیمپ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔
چیئرمین جہاد کونسل نے توقع ظاہر کی کہ دونوں فریقین عقل و دانش کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کو اس صورت حال سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے اور افہام و تفہیم سے مسائل کے حل میں کامیاب ہوں گے ۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: سید صلاح الدین
پڑھیں:
وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج، پیپلزپارٹی کا 38 ارکان کی حمایت کا دعویٰ
آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہو گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے منعقد ہو گا، مظفرآباد اجلاس سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے آئین کے آرٹیکل 27 کے تحت طلب کیا ہے۔
تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے سادہ اکثریت27 ووٹ درکار ہیں، کامیابی کی صورت میں وزیراعظم انوار الحق اپنے منصب سے فارغ ہو جائیں گے، موجودہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق اپریل 2023 میں 48 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
پیپلز پارٹی، ن لیگ کے ارکان اسمبلی مظفرآباد پہنچنا شروع ہوگئے، پی ٹی آئی فارورڈ بلاک اور دیگر ارکان بھی مظفرآباد پہنچ رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا دعویٰ حمایت 36 سے بڑھ کر 38 ہو گئی۔
فارورڈ بلاک کے مزید 2 ارکان تحریک عدم اعتماد میں شامل ہیں، تحریک عدم اعتماد پر شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے دستخط موجود ہیں۔ مسلم لیگ نون کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ برقرار ہے۔
شہر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کی حلف برداری کل بروز منگل متوقع ہے، حلف برداری میں پیپلز پارٹی پاکستان کی مرکزی قیادت کی شرکت کا امکان ہے۔
تحریک کامیاب ہوئی تو فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم ہوں گے ، فیصل ممتاز راٹھور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم ہوں گے، وزیراعظم انوار الحق نے مستعفی ہونے کی بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئی حکومت کو دو بڑے سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، ایکشن کمیٹی کے معاہدوں پر عملدرآمد نئی حکومت کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے ، مسلم لیگ نون کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر عملدرآمد بھی نئی حکومت کے لیے کڑا امتحان ہے۔
کابینہ کو 20 وزراء تک محدود رکھنا بھی نئی حکومت کے لیے آزمائش ہوگی جب کہ آج کی رائے شماری آزاد کشمیر کی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گی۔