توہین مذہب کیس: سرکاری گواہ پیش نہیں ہو رہے‘ رویہ ناقابل برداشت: جسٹس محسن
اشاعت کی تاریخ: 2nd, October 2025 GMT
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین مذہب کے مقدمے میں ڈیڑھ سال سے گرفتار ملزم حسن عابد کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ڈی جی این سی سی آئی اے کو ہدایت دی ہے کہ 8 اکتوبر کو تمام گواہان کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے مزید حکم دیا کہ اسی روز وکلاء کی جانب سے گواہان پر جرح بھی مکمل کی جائے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کے دوران ممبر انسپکشن ٹیم (ایم آئی ٹی) کو ٹرائل کورٹ کا دورہ کرنے اور یہ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی کہ عدالتیں مقدمات میں تاخیر کیوں کر رہی ہیں۔ ایم آئی ٹی کمیٹی کو دونوں ٹرائل کورٹس کے دورے کر کے تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ عدالت نے وکیلِ دفاع کو پرانے عدالتی فیصلے ریکارڈ کا حصہ نہ بنانے پر سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام وکیل کی ذمہ داری ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سرکاری گواہان عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہو رہے اور اس رویے کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کے تفتیشی افسر مدثر شاہ کا تبادلہ پشاور ہو چکا ہے۔ جس پر عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر کو بھی 8 اکتوبر کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ کیس روزانہ کی بنیاد پر سن کر ایک مثال بنایا جائے گا۔ عدالت نے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
توشہ خانہ 2 کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت، 20ویں گواہ پر جرح
بانی پی ٹی ائی اور ان کی اہلیہ کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، مقدمہ میں 20 گواہان کی شہادت قلمبند کرکے 19 پر جرح مکمل کی جا چکی ہے، ،سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی بشری بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے استغاثہ کے 20ویں گواہ پر جرح کل تک جاری رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ اسلام ٹائمز۔ بانی پی ٹی ائی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی۔ مقدمہ کی سماعت سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، عمران خان کی جانب قوسین فیصل پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کی جانب سے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک عدالت پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے 19ویں گواہ پر وکیل صفائی قوسین فیصل نے جرح مکمل کی، عدالت نے استغاثہ کے 20ویں گواہ پر جرح کل تک جاری رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
یاد رہے مقدمہ میں 20 گواہان کی شہادت قلمبند کرکے 19 پر جرح مکمل کی جا چکی ہے ،سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی بشری بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا۔ دوسری جانب سماعت کے دوران بانی کی تینوں بہنیں، بشری بی بی کی بھابھی، بیٹی، داماد، سینیٹر علی ظفر، مشال یوسفزئی بھی عدالت موجود تھے۔