عوام بیدار ہوجائیں، حکمران امریکا کے آگے گرے جارہے ہیں، منعم ظفر خان
اشاعت کی تاریخ: 2nd, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی:۔ اہل غزہ کو امدادی سامان خوراک و ادویات پہنچانے والی کشتیوں کے قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیل کے حملے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جمعرات کو نمائش چورنگی پر ہونے والا مظاہرہ مارچ میں تبدیل ہو گیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں شرکاءنے نمائش چورنگی تا سی بریز تک پیدل مارچ کیا۔
امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف پُر جوش نعرے لگائے ،ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد امن معاہدے کو مسترد اور گلوبل صمود فلوٹیلاکے شرکاءکو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے احتجاجی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب اسرائیل نے کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلوبل صمود فلوٹیلا اور اس میں شریک 44 ممالک کے 500 سے زائد افرادکو گرفتار کرلیا۔ شرم کا مقام ہے امریکہ کے لیے اور ان لوگوں کے لیے بھی جو گلوبل صمود فلوٹیلا کے شرکاءکی گرفتاری کی مذمت نہیں کرتے اور امریکا سے دوستی کی پینگیں بڑھاتے ہیں۔
منعم ظفر نے کہاکہ گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کے لوگوں کے لیے خوراک اور ادویات پر مشتمل سامان لے کر جارہا تھا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کے روز صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور شرکاءکی گرفتاریوں کے خلاف پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ عوام کو بیدار کیا جائے گا کیونکہ ہمارے حکمران امریکہ کے آگے گرے جارہے ہیں۔
منعم ظفر نے کہاکہ 5 اکتوبر کو اہل کراچی لاکھوں کی تعداد میں شاہراہِ فیصل پر نکلیں گے اور اہل غزہ و فلسطین کو پیغام دیں گے کہ مزاحمت اور جدو جہد میں ہی زندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر اقوام متحدہ کہیں نظر نہیں آتی۔ کہاں ہے انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس؟ کہاں ہے او آئی سی اور عالمی ادارے؟ ان سارے لوگوں کو ڈوب کر مرجانا چاہیے جو ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت کے بعد بھی جاگنے پر تیار نہیں ہے۔
ہم سلام پیش کرتے ہیں حماس کے مجاہدین کو جنہوں نے پیغام دیا ہے کہ ہم نے اپنی جانوں کی قربانیاں اس لیے نہیں دیں کہ ہتھیار ڈال دیں۔ 730 دن مکمل ہونے والے ہیں حماس کے مجاہدین اللہ کی نصرت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ 730 دن گزرنے کے بعد بھی اسرائیل اپنے قیدیوں کو آزاد نہیں کرواسکا۔ اسرائیل کی بھول ہے کہ وہ غزہ پر اپنا تسلط قائم کرسکتا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: گلوبل صمود فلوٹیلا جماعت اسلامی
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔