گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر اسرائیلی قبضے کے بعد نیا امدادی قافلہ غزہ روانہ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, October 2025 GMT
غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے روانہ کیے گئے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر اسرائیلی قبضے کے بعد ایک اور امدادی فلوٹیلا غزہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی) کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کے لیے نیا امدادی بیڑا غزہ کی جانب روانہ ہو گیا ہے، 11 جہازوں پر مشتمل یہ قافلہ اسرائیلی محاصرے کو چیلنج کرتے ہوئے غزہ کا رخ کر رہا ہے۔
فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے بیان میں کہا گیا کہ 25 ستمبر کو اٹلی کے شہر اوترانتو سے دو کشتیاں روانہ ہوئیں، جب کہ 30 ستمبر کو ’کونشینس‘ نامی جہاز ان کے ساتھ شامل ہوا، جس پر صحافی اور طبی عملہ بھی سوار ہے۔
نظیم کے مطابق چند گھنٹوں میں یہ جہاز آٹھ کشتیوں پر مشتمل قافلے ’’تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ‘‘ سے مل جائیں گے، یوں مجموعی طور پر 11 کشتیوں پر مشتمل یہ فلوٹیلا غزہ کا رخ کرے گا، یہ قافلہ اس وقت یونان کے ساحل کریٹ کے قریب موجود ہے اور اس پر تقریباً 100 افراد سوار ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے موقع پر ہوئی ہے جب اسرائیلی بحریہ نے حال ہی میں غزہ جانے والی 40 سے زائد کشتیوں پر مشتمل ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کی آخری کشتی پر بھی حملہ کرکے قبضے میں لے لیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے اس فلوٹیلا پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد، سوئیڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور نیلسن مینڈیلا کے پوتے نکوسی زویلیولیلی سمیت 450 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ 18 برس سے غزہ پر سخت ناکہ بندی مسلط کر رکھی ہے۔ مارچ میں سرحدی راستے مکمل بند کرکے خوراک اور ادویات کی ترسیل بھی روک دی گئی تھی۔ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 66 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔