غزہ پر قابض اسرائیل کی سخت ناکابندی اور انسانی بحران کے باوجود عالمی ضمیر ایک بار پھر جاگ اٹھا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے 43 امدادی کشتیوں کو روک کر ان میں سوار 500 رضاکاروں کو گرفتار کرنے کے باوجود فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کی کوششیں رُکیں نہیں۔ اب بین الاقوامی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن (FFC) نے ایک نیا قافلہ روانہ کر دیا ہے، جس میں 11 کشتیوں پر مشتمل امدادی مشن شامل ہے۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ بحری قافلہ اٹلی کے بندرگاہی شہر اوترانتو سے روانہ ہوا، جہاں سے  25 ستمبر کو اٹلی اور فرانس کے جھنڈے تھامے 2 کشتیاں روانہ ہوئی تھیں۔ یہ کشتیاں بعد ازاں 30 ستمبر کو ایک اور کشتی کنشینس  سے جا ملی تھیں، جبکہ اب ان کا اگلا پڑاؤ 8 کشتیوں کے دوسرے گروپ  تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ سے ملاقات ہوگا۔

یوں مجموعی طور پر 11 کشتیوں پر مشتمل یہ نیا قافلہ غزہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔

فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق اس وقت قافلے پر 100 کے قریب رضاکار سوار ہیں، جو یونان کے جزیرے کریٹ کے قریب سمندر میں موجود ہیں۔

ان مہمات کا مقصد صرف خوراک اور ادویات پہنچانا نہیں بلکہ دنیا کو غزہ میں جاری انسانی المیے کی یاد دہانی کرانا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی محاصرہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ تمام مشن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔

یہ نئی کوشش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی بحریہ نے محض ایک روز قبل فلسطین کے لیے روانہ ہونے والے قافلے پر حملہ کر کے درجنوں کشتیوں کو ضبط کیا اور سیکڑوں رضاکاروں کو گرفتار کر لیا۔ ماضی میں بھی اسرائیل کئی مرتبہ فلوٹیلا مشن پر حملے کر کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر 18 سالہ محاصرہ نے 24 لاکھ فلسطینیوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ رواں برس مارچ سے تمام زمینی راستے مکمل طور پر بند ہیں، جس کے نتیجے میں خوراک، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی صورت حال اب انسانی زندگی کے لیے  ناقابلِ برداشت بنتا جا رہا ہے، جہاں بھوک، بیماری اور قحط تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

دوسری جانب اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 66 ہزار 200 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ بین الاقوامی برادری کی خاموشی کے باوجود دنیا بھر سے امدادی جہازوں کا یہ سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت کا جذبہ نہ دبایا جا سکتا ہے، نہ روکا جا سکتا ہے۔

.

ذریعہ: Al Qamar Online

کلیدی لفظ: کی جانب

پڑھیں:

پُر امن فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کا حملہ

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

251003-03-2

 

وہی ہوا جس کا ڈر تھا، عالمی دہشت گرد ریاست اسرائیل کی فوج نے تمام بین الاقوامی ضابطوں کو پامال کرتے ہوئے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کر دیا ہے اور ظالم اسرائیلی فوجی اہلکار انسانی ہمدردی کے تحت غزہ میں محصور فلسطینی باشندوں کے لیے خوراک اور دوسرا امدادی سامان لے جانے والے بحری قافلے کے جہازوں میں داخل ہو گئے ہیں اور ان جہازوں پر سوار امدادی کارکنوں اور انسانی حقوق کے علمبردار رضا کاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلہ میں شامل کشتیوں کے غزہ کے قریب پہنچنے پر ان پر سوار افراد کی حفاظت کے پیش نظر فلو ٹیلا کے منتظمین نے براہ راست ویڈیو ٹیلی کاسٹ کرنا شروع کر دی تھی تاہم اسرائیلی فوجیوں نے جہازوں اور کشتیوں پر حملہ کے فوری بعد سب سے پہلا کام یہی کیا کہ کیمرے بند کروا دیے اور اس کے بعد انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ امدادی کارکن اور رضا کار ایک ’’قانونی بحری ناکہ بندی‘‘ کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہے تھے۔ اسرائیل کے اس ظالمانہ اقدام اور مسلمہ بین الاقوامی قانون، جس کی رو سے انسانی امداد کے قافلوں کو کسی صورت روکا نہیں جا سکتا، کی خلاف ورزی پر عالمی سطح پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اٹلی کی سب سے بڑی ورکرز یونین نے صمود فلوٹیلا کے ساتھ اسرائیلی فوج کی طرف سے روا رکھے جانے والے سلوک کے خلاف جمعہ کے روز احتجاج کے طور پر عام ہڑتال کی کال کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں اطالوی وزیر خارجہ زنتونیو تا جانی نے کہا تھا کہ ان کے اسرائیلی ہم منصب نے انہیں یقین دلایا ہے کہ اسرائیلی افواج فلوٹیلا کے رضا کاروں پر کسی قسم کا تشدد نہیں کریں گی۔ اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانجیسکا البانیز اور کولمبیا کے صدر گستاد پیئرو نے مطالبہ کیا ہے کہ فلو ٹیلا کو کسی رکاوٹ اور نقصان کے بغیر آگے بڑھنے دیا جائے۔ فلوٹیلا کے ایک جہاز پر سوار امریکی خاتون رضا کار لیلیٰ مجازی نے اپنے پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغام کے ذریعے دنیا کو بتایا ہے ہے کہ میرے اس ویڈیو پیغام جاری کرنے کا مطلب ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے ہمیں اغواء کر لیا ہے اور ہمیں ہماری مرضی کے خلاف زبردستی اسرائیل لے جایا جا رہا ہے، لیلیٰ مجازی نے اپنے اس پیغام میں عالمی رائے عامہ پر زور دیا ہے کہ ’’میں آپ سب سے درخواست کرتی ہوں کہ امریکی حکومت پر دبائو ڈالیں کہ وہ غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی سرپرستی اور شراکت ختم کرے اور فلوٹیلامشن میں موجود انسانی ہمدردی کے تمام کارکنوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائے۔ گلوبل صمود فلوٹیلا کا مقصد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کا غیر انسانی اور غیر قانونی محاصرہ توڑنا، محصورین تک خوراک اور انسانی امداد پہنچانا اور غزہ کے لیے ایک انسانی راہداری قائم کرنا ہے۔ اس مشن کو بین الاقوامی سول سوسائٹی کی طرف سے منظم کیا گیا ہے۔ ’صمود‘ عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب مزاحمت اور استقامت ہے۔ اس مشن میں دنیا بھر کے انسانی حقوق کے کارکنان، ڈاکٹر، وکلا، سیاست دان، فنکار اور انسانی حقوق سے متعلق مختلف تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔ کم و بیش پچاس کشتیوں پر سوار چوالیس سے زائد ملکوں سے تعلق رکھنے والے ان رضا کاروں کی تعداد پانچ سو سے زائد ہے۔ سول سوسائٹی کے زیر اہتمام یہ اپنی نوعیت کی تاریخ کی سب سے بڑی بحری مہم بتائی جاتی ہے۔ اس مہم میں شریک کشتیوں اور جہازوں نے اسپین کے شہر بار سلونا اور تیونس سمیت مختلف بندر گاہوں سے اپنا سفر شروع کا تھا اور اب اکٹھے ہو کر غزہ کی جانب بڑھتے ہوئے وہاں کی ناکہ بندی توڑنے اور وہاں محصور فلسطینی باشندوں کو خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ فلوٹیلا میں ایک وفد پاکستان کی نمائندگی بھی کر رہا ہے اس پاکستانی وفد کی قیادت جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خاں کر رہے ہیں جنہوں نے فلوٹیلا کے آغاز سے اسرائیلی فوج کے اس پر حملے تک مسلسل پاکستانی عوام سے رابطہ رکھا اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے سمندر کی لہروں پر سفر اور سرگرمیوں کے بارے میں اپنے اہل وطن اور دنیا بھر میں اردو سمجھنے والوں کو آگاہ اور باخبر رکھا۔ اس بحری قافلے میں معروف ماحولیاتی کارکن گرینا تھنبرگ، فراسیسی سیاست دان میری میسحود اور یورپی پارلیمنٹ کی رکن ریما حسن سمیت انسانیت کا درد رکھنے والے مختلف مذاہب، مختلف ممالک اور مختلف براعظموں سے تعلق رکھنے والے مختلف رنگ و نسل کے متعدد اہم لوگ شامل ہیں۔ اسرائیل نے قافلہ کے شرکاء کو اپنی فوج کے ذریعے باقاعدہ حراست میں لینے سے قبل ڈرونز کی پروازوں کے ذریعے رضا کاروں کو خوفزدہ کرنے کی متعدد کوششیں کیں تاہم بحری بیڑے کے رضا کاروں نے آخر دم تک ہمت نہیں ہاری اور کوئی کمزوری دکھائے بغیر بلند حوصلوں کے ساتھ اپنی طے شدہ منزل مقصود کی جانب استقامت اور پامردی سے سفر جاری رکھا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے قافلے کے شرکاء کو گرفتار کرنے سے قبل فلوٹیلا میں شامل ’الما‘ نامی مرکزی کشتی کے جی پی ایس اور انٹرنیٹ سسٹم پر سائبر حملہ کر کے اس سے باقی دنیا کا رابطہ منقطع کر دیا گیا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ایک بیان کے ذریعہ گلوبل صمود فلوٹیلا اور اس کے رضا کاروں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاستوں کی مسلسل بے عملی نے دنیا بھر کے انسانیت سے ہمدردی رکھنے والے کارکنوں کو مجبور کیا ہے کہ وہ محاصرہ توڑنے کے لیے پر امن اقدامات کریں ریاستوں کی ذمے داری ہے کہ وہ فلوٹیلا کو محفوظ راستے کی ضمانت دیں۔ سوال یہ ہے کہ وہ ریاستیں کہاں ہیں جن سے ایمنسٹی انٹرنیشنل، فلوٹیلا کے تحفظ و سلامتی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس ترقی یافتہ اور مہذب ہونے کی دعوے دار دنیا میں ان ریاستوں کا کوئی وجود ہوتا تو اسرائیل کو فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کی ہمت ہی کیوں ہوتی؟ اب ان سب ریاستوں کی ناک کے نیچے اور آنکھوں کے سامنے اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے مکمل طور پر پرامن قافلے کو روک ہی نہیں لیا بلکہ ان رضا کاروں کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ دنیا میں امن اور انسانی حقوق کی ان نام نہاد علم بردار ریاستوں کو غزہ میں انسانیت کا بہتا ہوا خون کیوں نظر نہیں آتا۔ بھوک سے بلکتے بچے، ادویات اور علاج معالجہ سے محروم زخموں سے چور کراہتے ہوئے نہتے اور بے بس شہری اور بے یارو مدد گار، مظلوم، مجبور اور محصور خواتین کیوں دکھائی نہیں دیتیں کیا اس کی وجہ اس کے علاوہ کوئی اور بھی ہے کہ یہ مظلومین اور محصورین مسلمان ہیں اور بے دریغ بہایا جانے والا یہ خون مسلمانوں کا ہے…؟ امریکی صدر ٹرمپ کی تمام دھمکیاں اور الٹی میٹم آخر ’حماس‘ اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں ہی کے خلاف کیوں بروئے کار آتے ہیں وہ آخر اسرائیل کو بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری، بین الاقوامی قوانین کی پابندی اور بے گناہ انسانی جانوں کے تحفظ و سلامتی پر مجبور کرنے کی ضرورت کیوں محسوس نہیں کرتے؟؟

اداریہ

متعلقہ مضامین

  • غزہ کا اسرائیلی محاصرہ توڑنے کیلیے 11 امدادی کشتیوں پر مشتمل نیا قافلہ روانہ
  • اسرائیل کا پروپیگنڈا جھوٹ، کشتیوں میں طبی و خوراکی امداد موجود تھی، گلوبل صمود فلوٹیلا منتظمین
  • گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر اسرائیلی قبضے کے بعد نیا امدادی قافلہ غزہ روانہ
  • پُر امن فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کا حملہ
  • صمود فلوٹیلا میں شامل غزہ محاصرہ توڑنے والا پہلا جہاز کون سا ہے؟
  • پاکستان کی اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا روکنے کی شدید مذمت
  • پاکستان کا صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ، غزہ کیلیے امداد روکنے کی مذمت
  • غزہ کی جانب بڑھنے والے امدادی فلوٹیلا پر اسرائیل کا سائبر حملہ، مواصلاتی نظام مفلوج کر دیا
  • صمود فلوٹیلا غزہ کا محاصرہ توڑنے کی قانونی کوشش ہے، یو این رپورٹر