وزیراعظم شہباز شریف کل سے ملائیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف کل یعنی 5 اکتوبر سے ملائیشیا کےتین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ، دیگر وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملائیشیا جائیں گے۔ یہ دورہ پاک ملائیشیا کے دیرینہ تعلقات اورمضبوط سٹریٹجک شراکت داری کا عکاس ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے ملائیشین ہم منصب سے دوطرفہ ملاقات میں شرکت کریں گے جس میں تجارت، اقتصادی تعاون، علاقائی و عالمی امور سمیت اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔
دورے کے دوران متعدد دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے، جن سے نہ صرف موجودہ تعلقات کو تقویت ملے گی بلکہ نئے شعبوں میں تعاون کے دروازے بھی کھلیں گے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور قریبی روابط کو مزید فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
وزیراعظم بیرون ممالک کے طویل دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف بیرون ممالک کے 2 ہفتے کے طویل دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔وزیراعظم سعودی عرب کے ساتھ تاریخی سیکیورٹی معاہدہ کر کے ریاض کے راستے نیویارک گئے اور اب وہ 2 ہفتے کے دورے کے بعد لندن سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، اس ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ غزہ امن معاہدے پر نیویارک میں اتفاق کیا جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین اجاگر کیا۔اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کچھ روز برطانیہ میں قیام بھی کیا اور اب وہ اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔