ملائیشیا آکر بے حدخوشی ہوئی ، دورہ تعلقا مزید مضبوط کریگا، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جہاں بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔ کوالالمپور کی شاہراہیں پاکستانی اور ملائیشیائی پرچموں سے سج گئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر سرکاری دورے پر پہنچے ہیں۔ شہبازشریف کو شاہی پروٹوکول میں وزیراعظم ہاؤس لایا گیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔ شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے مختلف شعبوں میں معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ توقع ہے کہ دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر بھی غور کریں گے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ ہفتے دورہ لندن کے دوران تعلیمی میدان میں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پاکستانی نژاد طالبہ ماہ نور چیمہ سے ملاقات کی تھی۔ او لیول میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ماہ نور چیمہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے ماہ نور چیمہ کو تحائف پیش کئے اور مزید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ملائیشیا کے شہباز شریف
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کل سے ملائیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے
وزیراعظم شہباز شریف کل یعنی 5 اکتوبر سے ملائیشیا کےتین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ، دیگر وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملائیشیا جائیں گے۔ یہ دورہ پاک ملائیشیا کے دیرینہ تعلقات اورمضبوط سٹریٹجک شراکت داری کا عکاس ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے ملائیشین ہم منصب سے دوطرفہ ملاقات میں شرکت کریں گے جس میں تجارت، اقتصادی تعاون، علاقائی و عالمی امور سمیت اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔
دورے کے دوران متعدد دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے، جن سے نہ صرف موجودہ تعلقات کو تقویت ملے گی بلکہ نئے شعبوں میں تعاون کے دروازے بھی کھلیں گے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور قریبی روابط کو مزید فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔