گلگت ‘ عالم دین ہائیکورٹ جج کی گاڑیوں پر فائرنگ ‘ 5افراد زخمی بنوں ، اہلکار شہید
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
گلگت+ بنوں (نوائے وقت رپورٹ+نیٹ نیوز) گلگت میں نامعلوم دہشت گردوں نے ممتاز عالم دین اور ہائی کورٹ کے جج کی گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ بنوں میں سکیورٹی اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے بتایا پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے نامعلوم دہشگردوں کی فائرنگ سے ممتاز عالم دین مولانا قاضی نثار احمد، ڈرائیور اور گارڈ کے ساتھ مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہو گئے تاہم تمام زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ وزیر داخلہ کاکہنا ہے دوسرا واقعہ دوپہر کو سٹی ہسپتال کے قریب رونما ہوا جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے ہائیکورٹ کے سینئر جج ملک عنایت الرحمٰن کی گاڑی پر فائرنگ کی تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ انہوں نے واضح کیا کسی کو علاقے کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردوں کو کچل دیا جائے گا جبکہ علاقے کی ہم آہنگی کو تباہ کرنے والے سازشی عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ دوسری جانب، صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا ہے خطیب مرکزی جامع مسجد اہلسنت مولانا قاضی نثار احمد کی گاڑی پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب ان کی گاڑی سینٹرل پولیس آفس کے سامنے سے گزر رہی تھی۔ حملے کے نتیجے میں مولانا قاضی نثار احمد، ان کے دو سکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے حملہ آوروں کے زخمی حالت میں پکڑے جانے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ فائرنگ کے واقعات کے بعد گلگت شہر میں خوف وہراس پھیل گیا اور شہر کی تمام مارکیٹیں اور دکانیں بند ہو گئیں جس سے سڑکیں سنسان اور ویران ہوگئیں۔ پولیس کے اہم افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا حملہ آوروں کے زیر استعمال دو گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہونے کی معلومات ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور گورنر سید مہدی شاہ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ حالات کو خراب کرنے کی سازش ہے، جلد دہشت گردوں کو گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے گا۔ خیبر پی کے ضلع بنوں کے قریب نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ بنوں پولیس کے ترجمان کاشف نواز نے بتایا نامعلوم افراد نے میران شاہ روڈ پر ایوب فیول سٹیشن کے قریب سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ انہوں نے مزید بتایا لاش اور زخمی اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا جبکہ پولیس کی ایک ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا تاکہ معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سکیورٹی اہلکار اہلکار شہید پر فائرنگ
پڑھیں:
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔