ٹیلر سوئفٹ پر اے آئی ویڈیوز کے استعمال کا الزام، مداحوں کی تنقید
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کا نئے البم ’دی لائف آف اے شو گرل‘ کی تشہیری مہم غیر متوقع تنازعے میں گھر گئی ہے۔ مداحوں نے الزام لگایا ہے کہ گلوکارہ نے اپنی تشہیری مہم میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیوز استعمال کی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ نے اپنے بارہویں اسٹوڈیو البم کی تشہیر کےلیے گوگل کے ساتھ شراکت کی تھی، جس کے تحت ایک ڈیجیٹل اسکیوینجر ہنٹ مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد دنیا بھر کے مداحوں کو انٹرایکٹو طریقے سے شامل کرنا تھا۔ جب صارفین نے گوگل پر ٹیلر سوئفٹ سرچ کیا تو انہیں ایک پیغام موصول ہوا جس میں 12 شہروں کے 12 دروازوں کے ذریعے ایک ویڈیو انلاک کرنے کی ترغیب دی گئی۔
مداحوں کو دنیا بھر کے مختلف مقامات پر کیو آر کوڈز کے ذریعے 12 خفیہ ویڈیوز تک رسائی حاصل کرنی تھی، جن میں البم کے بارے میں اشارے موجود تھے۔ جب مجموعی طور پر 1 کروڑ 20 لاکھ بار ورچوئل دروازوں پر کلکس ہوئے تو ’دی فیٹ آف اوفیلیا‘ کا لیریک ویڈیو یوٹیوب پر جاری کیا گیا۔
تاہم، جلد ہی مداحوں نے سوال اٹھانا شروع کردیے کہ کیا یہ ویڈیوز اے آئی سے تیار کی گئی ہیں۔ کئی سوئفٹیز نے دعویٰ کیا کہ ویڈیوز میں روشنی غیر قدرتی، مناظر مصنوعی اور حرکات غیر فطری محسوس ہو رہی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مناظر جنریٹو اے آئی ٹولز کے ذریعے بنائے گئے ہیں۔
مداحوں نے پہیلیاں حل کرنے کے بجائے ویڈیوز کا فریم بائی فریم تجزیہ شروع کردیا تاکہ اے آئی کے استعمال کے شواہد تلاش کیے جا سکیں۔ تشہیری ویڈیو، جو گوگل کے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تھی، میں زمین کے ایریل شاٹ سے ایک چمکدار، جواہراتی منظر کی طرف زوم کیا گیا، جس کے بعد ایک نارنجی دروازہ اور سرچ بار ظاہر ہوتا ہے۔
اب تک ٹیلر سوئفٹ یا گوگل کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے کہ مہم میں مصنوعی ذہانت کا استعمال ہوا ہے یا نہیں۔ یہ سنیماٹک انداز بلاشبہ شاندار تھا، مگر یہی چیز اے آئی کے استعمال کے شبے کو بڑھانے کا باعث بنی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹیلر سوئفٹ اے آئی
پڑھیں:
بھارتی فلم ساز جنسی ہراسانی، شراب پلا کر نجی ویڈیوز بنانے کے الزامات پر گرفتار
MUMBAI:بھارت کے فلم ساز ہیمنتھ کمار کے خلاف ٹی وی اداکارہ کی جانب سے جنسی ہراسانی، نشہ آور چیز ملا شراب پلانے، نجی ویڈیوز ریکارڈ کرنے اور بلیک میلنگ کے الزامات کے تحت شکایت درج کرائی گئی، جس کے بعد فلم ساز کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلورو سے تعلق رکھنے والے فلم ساز ہیمنتھ کمار کے خلاف اداکارہ نے جنسی ہراسانی، دھوکا دہی اور دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ راجاجی نگر پولیس نے فلم ساز ہیمنتھ کمار کو اداکارہ کی شکایت کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ہے اور تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر اداکارہ کے حوالے سے بغیر رضامندی کے توہین آمیز پوسٹس جاری رکھتے ہوئے عدالت احکامات کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔
فلم ساز کو ریمانڈ پر عدالتی تحویل میں دیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
اداکارہ نے درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ فلم ساز نے نشہ آور چیز ملا کر شراب پلائی، نجی ویڈیوز ریکارڈ کیا اور انہیں بلیک میل کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ 2023 میں ممبئی میں ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران پیش آیا تھا۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ہیمنتھ کمار نے 2022 میں انہیں فلم رچی میں لیڈ رول کی پیش کش کی اور دو لاکھ روپے پر معاہدے دستخط ہوئے اور 60 ہزار بھارتی روپے ایڈوانس دیے جبکہ شوٹنگ میں تاخیر کی وجہ سے فلم ساز نے مبینہ طور پر عریاں لباس پہننے اور فحش مناظر ریکارڈ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ سب کچھ کرنے سے انکار کیا تو فلم ساز نے انہیں اور ان کی والدہ کو ڈرانے کے لیے دھمکیاں دینا شروع کیا۔
اداکارہ نے ہیمنتھ کمار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے مشروب پر نشہ آور چیز ملائی اور بغیر رضامندی کے ریکارڈنگ کی اور ویڈیوز کو انہیں بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کرتے رہے اور فلم میں نازیبا مناظر ریکارڈ کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ہیمنتھ کمار نے میری مرضی کے بغیر فلم کی شوٹنگ کے دوران ریکارڈ کی گئی کلپس بغیر سینسر کے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا اور یہاں تک ان کی ذاتی معلومات بھی پبلک کردی۔
ہیمنتھ کمار کناڈا فلم انڈسٹری میں ابھرتے ہوئے فلم ساز کے طور پر جانے جاتے ہیں اور انہوں نے فلموں میں بطور ڈائریکٹر کام کیا اور اچھے کہانی کار مانے جاتے ہیں، انہوں نے ریجنل فلموں میں کام کیا ہے اور وہ انڈسٹری میں نئے موضوعات اور اسکرین پر بولڈ مناظر دیکھانے کے حامی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیمنتھ کمار ہ ساؤتھ کی فلمی دنیا میں بتدریج اپنی ساکھ مضبوط کر رہے ہیں اور کہانی سنانے کے منفرد انداز کی وجہ سے توجہ حاصل کر رہے ہیں۔