سعودی عرب نے ہر مشکل آزمائش میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا،وزیراعظم شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل آزمائش میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
اسلام آباد میں پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں ایک خاندان کی طرح بیٹھے ہیں، مزید کہا کہ پہلی بار 60 کی دہائی کے آخر میں سعودی عرب کیا تھا، اس کے بعد سے سعودی عرب کے کئی دورے کر چکا ہوں مگر حالیہ دورہ ریاض بالکل منفرد تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سعودی بھائی، بہنوں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے بے مثال محبت دکھائی، سعودی عرب نے ہر مشکل اور آزمائش میں ہمشیہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا پاکستان سے تعلق غیرمتزلزل اور مستقل عزم پر مبنی ہے، سعودی عرب کا یہ عزم ہمارے تعلقات کی تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی باقاعدہ شکل ہے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطح کا کاروباری وفد پاک-سعودیہ مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا تھا۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے، جب پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ معاشی روابط اور مذاکرات کی نگرانی کے لیے 18 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے ایک باہمی دفاعی معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی بھی جارحیت کی صورت میں مشترکہ ردعمل کا عہد کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور ان کے ہمراہ آنے والا وفد پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا اور اعلیٰ سرکاری حکام، چیمبرز آف کامرس اور معروف کاروباری گروپوں سے مشاورت کرے گا تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، شہباز شریف
ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں،وزیراعظم
خطے میں استحکام کیلئے پاک بھارت امن اہم ہے، مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، والہانہ استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے۔انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کی حامل شخصیت ہیں، ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انورابراہیم کا اہم کردار ہے، آپ کے تجربات سے استفادہ کے لئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انورابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی، دوطرفہ تعلقات میں اضافے اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی، اس دورے سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔انہوںنے کہا کہ مسئلہ فلسطین، غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں، پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج وہ بہت خوش ہیں کہ ملائیشین وزیرِاعظم نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے اپنا وژن پیش کیا ہے، ان شعبوں میں ملائیشیا نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پاکستان ان کے تجربے سے استفادہ کر سکتا ہے۔