صنعتی ترقی کے بغیر روزگار کی فراہمی، آمدن میں اضافہ ممکن نہیں: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 22nd, November 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صنعتی ترقی کے حوالے سے ورکنگ گروپ کی سفارشات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور آمدن میں اضافہ صنعتی ترقی کے بغیر ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی زیر صدارت ملکی صنعتی ترقی پر نجی شعبے کی قائم کردہ کمیٹی کے پہلے جائزہ اجلاس میں کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، جام کمال خان، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، وزیر اعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور ثاقب شیرازی کی قیادت میں صنعتی ورکنگ گروپ میں شامل صنعتکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صنعتی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں جن کو وزیر اعظم نے سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور آمدن میں اضافہ صنعتی ترقی کے بغیر ممکن نہیں، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں، ملکی صنعتی ترقی کیلئے نجی شعبے کی تجاویز کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کاروباری برادری کی جانب سے صنعتی ترقی کیلئے عرق ریزی سے تیار کی گئی تجاویز کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز کا بغور جائزہ لینے کے بعد عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری نے مشکل وقت میں حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دیا اور ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے میں معاونت کی۔ اللہ کے فضل و کرم سے ملک کی معاشی سمت بہتر اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے مگر ملکی ترقی کیلئے ہمیں مزید محنت کرنا ہوگی۔ اجلاس کو پاکستان کی صنعتی ترقی اور ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے پالیسی تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ملکی صنعت کی مسابقت میں اضافے کیلئے خطے کے ممالک سے موازنہ بھی پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ان تجاویز کو سراہتے ہوئے معیشت کے دیگر شعبوں کے حوالے سے سفارشات کے ساتھ ان تجاویز کو ملا کر قومی پالیسی فریم ورک میں شامل کرنے اور متعلقہ حکام کو ان پر عملدرآمد کیلئے تفصیلی جائزے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی اور سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے ملاقات کی جس میں خیبر پی کے سے متعلق امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سرحدی امور انجینئر امیر مقام اور وفاقی وزیر پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال بھی موجود تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: صنعتی ترقی کے اجلاس میں اور ملک ترقی کی
پڑھیں:
پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے فعال سفارتی کردار جاری رکھے ہوئے ہے، اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آسیان ریجنل فورم کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے لیے پرعزم ہے اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے فعال سفارتی کردار جاری رکھا ہوا ہے۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے فعال سفارتی کردار جاری رکھے ہو ئے ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کریں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ جموں و کشمیرکے تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی بنیاد ہے، بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا تشویش ناک اور اشتعال انگیز اقدام ہے۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔