اسلام آباد: کامسٹیک کا فلسطینی نوجوانوں کیلئے 5000 فیلوشپس کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
— فائل فوٹو
وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامسٹیک کی جانب سے فلسطینی نوجوانوں کے لیے 5000 فیلوشپس کا اعلان کیا۔
اسلام آباد میں کامسٹیک سیکریٹریٹ میں پہلے فلسطین پاکستان وائس چانسلرز فورم کا افتتاح کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فورم غزہ میں تباہ شدہ تعلیمی و تحقیقی ڈھانچے کی بحالی کی سمت تاریخی قدم ہے۔
پاکستان اظہارِ یکجہتی کے ساتھ تحقیق، جدت اور اعلیٰ تعلیم کے ذریعے عملی تعاون بھی کر رہا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فنی تربیتی پروگرامز غزہ میں انسانی وسائل کی تعمیر کی حقیقی کوشش ہیں۔ پاکستان فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ امت کو بچانے کے لیے مل کر کام کیا جائے۔ آئیے مل کر غزہ کو دوبارہ تعمیر کریں، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
بلوچستان حکومت کی پہلی یوتھ پالیسی، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا عزم
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیشنل یوتھ سمٹ کوئٹہ سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان حکومت نے پہلی مرتبہ صوبے کی جامع یوتھ پالیسی تیار کی ہے تاکہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی وقت کی ضرورت ہے۔ حکومت بلوچستان نوجوانوں کے لیے تعلیم کے دروازے کھولنے، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
نوجوانوں کے دلوں کا غبار بات چیت سے نکلے گا
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کے دلوں میں موجود غبار کو ختم کرنے کا واحد راستہ بات چیت ہے۔ نوجوانوں کے چہروں پر مایوسی دیکھ کر افسوس ہوتا ہے لیکن حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ہنر مندی وقت کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کے پروگرام شروع کر چکی ہے تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر مقابلہ کرسکیں۔ دنیا اسکلز کی طرف جا رہی ہے، اس لیے ہمیں بھی اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہوگا۔
تقریر نہیں، نوجوانوں کو سننے آیا ہوں
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج یہاں تقریر کرنے نہیں بلکہ نوجوانوں کو سننے آیا ہوں اور ان کے تمام سخت سوالات کے جواب دینے کے لیے تیار ہوں۔
نوکریاں فروخت نہیں ہونے دوں گا
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں نے حلف اٹھاتے ہی نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ نوکریاں فروخت نہیں ہونے دوں گا اور اس وعدے پر آج بھی قائم ہوں۔ محکمہ تعلیم میں میرٹ پر تعیناتیاں کی گئی ہیں اور اٹھارہ سو غیر حاضر اساتذہ کو نوکری سے برطرف کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت اور تعلیم میں کنٹریکٹ بنیاد پر بھرتیاں کی گئیں تاکہ نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔
تعلیم پر سرمایہ کاری، تشہیر نہیں
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کسی پروگرام کی تشہیر کے بجٹ کو اسکول بنانے پر خرچ کرتی ہے کیونکہ اصل ترقی تعلیم سے ممکن ہے۔ مختلف محکموں میں سیاسی بنیادوں پر ہونے والی تعیناتیوں کا سلسلہ ختم کیا جا رہا ہے۔
بجٹ کا بڑا حصہ سرکاری ملازمین پر خرچ ہوتا ہے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈھائی لاکھ سرکاری ملازمین پر صوبے کا اسی فیصد بجٹ خرچ ہو رہا ہے جو ایک بڑا بوجھ ہے۔
محنت اور دیانتداری کامیابی کی کنجی ہے
آخر میں وزیراعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محنت اور دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں، کیونکہ حکومت صرف مواقع فراہم کر سکتی ہے، کامیابی کے لیے جدوجہد خود کرنی ہوتی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں