کراچی سمیت سندھ کیلیے مزید ای وی بسوں، بی آر ٹی پل اور پنک ٹیکسی سروس کے اعلانات
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد سمیت صوبے کے دیگر شہروں کے لیے مزید ای وی بسوں، بی آر ٹی پل اور پنک ٹیکسی سروس کے اعلانات کیے ہیں۔
خواتین کے لیے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے سندھ حکومت نے کراچی کے بعد اب حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں اسکوٹی ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد صوبے بھر میں خواتین اور طالبات کو نہ صرف محفوظ اور بااعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں خودمختار اور معاشی طور پر مضبوط بنانا بھی ہے۔
یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری اور آئندہ ٹرانسپورٹ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوامی سہولت کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
شرجیل انعام میمن نے اجلاس کے بعد کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے سندھ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اسکوٹی ٹریننگ پروگرام نجی کمپنی کے اشتراک سے شروع کیا جا رہا ہے، جس میں خواتین اور طالبات کو محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے تاکہ انہیں کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہ پروگرام صرف نقل و حرکت کا ذریعہ نہیں بلکہ خواتین کی خود انحصاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی سمت ایک مثبت پیش رفت ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ سندھ بھر میں خواتین اپنی مرضی سے اور باعزت طریقے سے سفر کرسکیں۔
اجلاس میں پیپلز بس سروس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ خیرپور، شکارپور اور نوشہرو فیروز میں بیس نئی بسیں چلائی جائیں گی تاکہ معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات دوسرے شہروں تک بھی پہنچ سکیں۔
اسی طرح کراچی میں گلشن معمار تا ٹاور ایک نیا ای وی بس روٹ شروع کیا جا رہا ہے، جس میں پندرہ الیکٹرک بسیں شامل ہوں گی۔ یہ روٹ شہریوں کو جدید، ماحول دوست اور خاموش سفری تجربہ فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے تاج حیدر پل کو بھی عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کی امید ہے۔
مزید برآں شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ دسمبر میں سندھ حکومت ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز کرے گی، جس میں ابتدائی طور پر تیس پنک ای وی ٹیکسیز متعارف کرائی جائیں گی۔ یہ سروس خواتین کے لیے مخصوص ہوگی اور ان ٹیکسیوں کے لیے خواتین ڈرائیورز کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی تحفظ، خواتین کے بااختیار ہونے اور شہری سہولتوں کے فروغ کو بیک وقت ترجیح دے رہی ہے۔ نئے منصوبوں کے نتیجے میں صوبے میں روزگار، جدید ٹرانسپورٹ اور سماجی خوشحالی کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: سندھ حکومت کے لیے
پڑھیں:
آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے میڈیا کیلیے ضابطہ اخلاق جاری
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے انتخابات 2026 کے لیے نیا میڈیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، پالیسی کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت، غیرجانبداری اور ذمہ دارانہ صحافتی روایات کو یقینی بنانا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام میڈیا اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی کوریج کے دوران مکمل غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر صرف مجاز میڈیا نمائندوں کو کوریج کی اجازت ہوگی تاہم پولنگ بوتھ کے اندر ووٹنگ کی خفیہ کارروائی کی کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ یا فوٹوگرافی سختی سے ممنوع ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ ختم ہونے سے قبل کسی بھی قسم کے ایگزٹ پول، نتائج یا رجحانات نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نفرت انگیز، اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد نشر کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
اسی طرح غلط، غیر مصدقہ یا گمراہ کن معلومات نشر کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا۔تمام امیدواروں کو انتخابی کوریج میں مساوی اور منصفانہ نمائندگی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ میڈیا ادارے کی ایکریڈیٹیشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
کمیشن نے تمام میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کے اعتماد اور شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔