’میں ہوں نا‘ کیلئے پہلی چوائس امریتا راؤ نہیں تھیں، فرح خان نے بتادیا
اشاعت کی تاریخ: 8th, November 2025 GMT
بالی ووڈ کی مشہور فلم ساز اور ہدایتکارہ فرح خان نے حال ہی میں اپنے وی لاگ میں انکشاف کیا ہے کہ فلم ’میں ہوں نا‘ کے لیے عائشہ تاکیا کو پہلے فائنل کر لیا گیا تھا، مگر انہوں نے شوٹنگ سے صرف دو ہفتے قبل یہ فلم چھوڑ دی اور امتیاز علی کی فلم سائن کر لی۔
فرح خان، جو ان دنوں اپنے وی لاگ کے ذریعے پرانی یادیں تازہ کر رہی ہیں، جب اداکارہ امریتا راؤ کے گھر پہنچیں تو انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے میں صرف دو ہفتے رہ گئے تھے، مگر مرکزی کردار کے لیے کوئی ہیروئن موجود نہیں تھی۔
فرح نے ہنستے ہوئے کہا کہ دو ہفتے پہلے تک شوٹنگ کنفرم تھی، لیکن ہیروئن نہیں تھی۔ ہم نے دارجلنگ کا سینٹ پال اسکول بک کر لیا تھا، سب لوگ پہنچ گئے تھے۔ پہلے عائشہ تاکیا کو فائنل کیا تھا، مگر وہ امتیاز علی کی فلم کے لیے چلی گئیں اور پورے دو مہینے مصروف رہیں۔ میں اسے فون کرتی تھی کہ تمہارے کاسٹیوم اور سینز تیار ہیں، تو وہ کہتی، امتیاز سر ابھی شوٹنگ کر رہے ہیں، میں نہیں آ سکتی۔
فرح نے بتایا کہ پھر گوری خان نے انہیں مشورہ دیا کہ اس لڑکی (امریتا راؤ) کو دیکھو۔ فرح نے کہا کہ جب میں نے امریتا کو دیکھا تو وہ بالکل میرے کردار جیسی نہیں لگ رہی تھیں، کیونکہ وہ ایک سادہ سا کرتا پہنے ہوئی تھیں۔ میں نے انہیں فلم کا جذباتی سین دیا اور جب کیمرے پر دیکھا تو وہ شعلہ بن گئیں۔
فرح کے مطابق امریتا میں وہی خوبی تھی جو سری دیوی میں تھی، کیمرے پر جادو، مگر عام زندگی میں بالکل عام سی۔ بعد ازاں، امریتا راؤ نے زید خان کے ساتھ ’میں ہوں نا‘ میں سنجنا بکشی کا کردار ادا کیا، جو ناظرین میں بے حد مقبول ہوا۔
فلم میں شاہ رخ خان اور سشمیتا سین نے بھی مرکزی کردار نبھائے اور یہ فلم ریلیز کے بعد بڑی کامیابی ثابت ہوئی، جس نے تقریباً 70 کروڑ روپے کمائے۔
دوسری جانب، عائشہ تاکیا نے فرح خان کی فلم چھوڑ کر امتیاز علی کی فلم ’سوچا نہ تھا‘ سائن کی، جس سے ابھے دیول نے ڈیبیو کیا۔ تاہم یہ فلم باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: امریتا راو کی فلم
پڑھیں:
زید اور سوزین خان کی والدہ چل بسیں
سینئربھارتی فلم ساز سنجے خان کی اہلیہ، زرین خان دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ 81 سالہ زرین خان کی وفات ممبئی میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی وہ کچھ عرصے سے مختلف صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی تھیں اور زیرِ علاج تھیں۔
زرین خان کے انتقال کی خبر نے زید خان، ہریتک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان اور ان کے خاندان گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ بالی ووڈ کے نامور فنکاروں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ زرین خان فلمی دنیا کے ساتھ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی سرگرم رہتی تھیں۔ وہ مختلف سماجی منصوبوں میں حصہ لینے کے علاوہ کئی فلاحی تنظیموں سے بھی منسلک رہ چکی تھیں۔