Jasarat News:
2025-11-26@01:46:35 GMT

بدحال ریلوے نظام اور بلٹ ٹرین کے دعوے

اشاعت کی تاریخ: 26th, November 2025 GMT

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

پاکستان ریلوے ایک زمانے میں ترقی کی پٹڑی پر دوڑنے والی امید تھی مگر آج اس کی حالت دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے کسی نے ادارے کے جسم سے روح کھینچ لی ہو اور افسوس اس بات کا ہے کہ یہ تباہی اْس دور میں ہو رہی ہے جب وزارتِ ریلوے ایک ایسے شخص کے پاس ہے جس نے ظلم، قید اور سیاسی انتقام سہہ کر اقتدار تک دوبارہ رسائی حاصل کی۔ توقع تھی کہ وزیر ریلوے حنیف عباسی جس نے خود تکلیف دیکھی وہ عوام کی تکلیف کا درد زیادہ شدت سے محسوس کرے گا، مگر صورتحال اس کے بالکل برعکس نکلی۔ پھر اسی تباہ حال نظام میں ایک خبر آئی کہ ریلوے حکام 2030 تک کراچی سے لاہور بلٹ ٹرین چلانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ یہ خبر پڑھ کر بے اختیار ہنسی آگئی۔ سمجھ میں نہیں آتا یہ منصوبہ ہے، لطیفہ ہے، یا قوم کے ساتھ تازہ مذاق۔ ذرا سوچیے کہ جو لوگ ایک عام ٹرین نہیں چلا سکتے، وہ 350 کلو میٹر فی گھنٹہ کی بلٹ ٹرین چلائیں گے؟ جس ریل کے ٹکٹوں کی آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی آن لائن بْکنگ نہیں ہوسکتی وہ محکمہ بلٹ ٹرین چلائے گا؟

چلیے آپ کو رودادِ سفر سْناتے ہیں۔ ہم جماعت ِ اسلامی پاکستان کے اجتماع عام کی کوریج کے لیے 20 نومبر کو ساٹھ صحافیوں کے ہمراہ کراچی سے تیزگام میں سوار ہوئے۔ ہم نے سوچا شاید ریلوے کی حالت بہتر ہوئی ہو گی، مگر کراچی اسٹیشن پر قدم رکھتے ہی یہ خوش فہمی یوں ٹوٹ گئی جیسے کوئی شیشہ پتھر سے ٹکرا جائے۔ بوگی نمبر آٹھ کی حالت قابل ِ شرم تھی۔ نہ پانی، نہ صفائی، نہ ٹوائلٹ کے دروازے بند ہوتے تھے۔ کموڈ ٹوٹے ہوئے، نالی سے پانی ٹپکتا ہوا، فرش پر جمع پانی گویا کسی نے بوگی کے اندر ایک چھوٹا سا تالاب بنا دیا ہو۔ کپڑوں کا ناپاک ہونے سے بچانا تقریباً ناممکن تھا۔ ہم نے سوچا شاید ایک بوگی خراب ہو، مگر دوسری میں گئے تو وہ بھی اسی حال میں ملی۔ یہاں سمجھ میں آیا کہ یہ صرف بد انتظامی نہیں بلکہ بد نیتی ہے۔ صاف لگ رہا تھا کہ ٹرین کو بغیر صفائی اور بغیر مینٹیننس کے ہی واپس روانہ کر دیا گیا ہے۔ گارڈ صاحب سے درخواست کی کہ شکایتی رجسٹر میں ہماری شکایت درج کریں، مگر موصوف تو ہم سے بھی زیادہ ’’سمجھدار‘‘ نکلے۔ صاف کہہ دیا کہ اس ٹرین میں شکایتی رجسٹر یا لاگ بک نام کی کوئی شے ہے ہی نہیں۔ یوں لگا جیسے شکایات نہیں، شکایت کرنے والے ہی مسئلہ ہوں۔ پانی کے بارے میں پوچھا تو جواب ملا ’’روڑھی پہنچ کر بھر دیا جائے گا‘‘۔ گویا کراچی سے روڑھی تک انسان نہیں بلکہ کوئی بیجان مخلوق سفر کر رہی ہو جسے آٹھ گھنٹے تک پانی کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ ساتھ موجود اے آر وائی کے صحافی فیض اللہ خان سمیت دیگر ساتھیوں نے بھی یہی اذیت بیان کی، مگر ریلوے عملہ اس بدحالی کا اس قدر عادی ہو چکا تھا کہ جیسے یہ کوئی مسئلہ نہیں بلکہ نظام کا حصہ ہو۔ ہمارا تکلیف دہ سفر چار گھنٹے کی تاخیر کے ساتھ انجام کو پہنچا۔

لاہور سے واپسی پر دل میں خوش گمانی تھی کہ شاید حالات بدل جائیں چونکہ اجتماع عام کے اختتام پر امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن نے دیگر اداروں کے ساتھ ریلوے حکام و عملے کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا تھا۔ مگر ٹرین میں قدم رکھتے ہی یوں محسوس ہوا جیسے ریلوے کی لغت سے ’’بہتری‘‘ کا لفظ ہمیشہ کے لیے حذف کر دیا گیا ہو۔ بعض شرکا نے بتایا کہ لاہور روانگی کے وقت ان کے لیے مختص پوری ایک بوگی ہی غائب تھی۔ اب سیکڑوں میل کا سفر بغیر سیٹ کے کیسے کیا جاتا؟ بالآخر مسافروں کے شدید احتجاج پر ٹرین کو لانڈھی اسٹیشن پر روک کر مسئلہ حل کیا گیا، مگر اصل سوال وہیں کھڑا رہا کہ اس سنگین غفلت کا ذمے دار کون تھا؟ کون جواب دہ ہوگا؟ مگر افسوس کہ ہمیشہ کی طرح کسی کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ پھر یہاں سوال جنم لیتا ہے کہ پاکستان ریلوے واقعی وزارت ریلوے چلا رہی ہے، یا پھر وہ تاجر لابی جو سرکاری ٹرینوں کو جان بوجھ کر تباہی کی دہلیز تک پہنچا کر انہیں پرائیویٹ سرمایہ داروں کے ہاتھوں بیچنے کی راہ ہموار کر رہی ہے؟

اس شبہے کو تقویت اس بات سے بھی ملتی ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر میں چلنے والی دو ٹرینیں ریاستی ٹرینوں سے کہیں بہتر حالت میں ہیں۔ یہ بات خوشی نہیں، افسوس پیدا کرتی ہے۔ کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ حکومت ایک قومی ادارہ نہیں چلا سکتی، لیکن ایک تاجر چلا لیتا ہے۔ پھر سوال اٹھتا ہے: کیا وزارت واقعی اتنی نالائق ہے یا پھر جان بوجھ کر نظام کو برباد کیا جا رہا ہے تاکہ آخرکار یہ سب کچھ ٹھیکے پر دے دیا جائے؟ ایسے میں خواجہ سعد رفیق کا دور یاد آتا ہے، جب ریلوے کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کیا گیا تھا۔ لیکن اس دیانت اور قابلیت کو جرم بنا کر خفیہ ہاتھوں نے انہیں پارلیمنٹ سے باہر پھینک دیا۔ حالیہ سفر میں یہ بات بھی کھل کر سامنے آئی کہ ریلوے کا عملہ غیر حاضر رہتا ہے، مینٹیننس کا نظام مفلوج ہے، نظم و ضبط کا کوئی وجود نہیں، اور وزیر صاحب شاید اپنی ہی وزارت کے زمینی حقائق سے مکمل بے خبر ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان ریلوے جیسے ادارے خود تباہ نہیں ہوتے انہیں تباہ کیا جاتا ہے۔ وزیر ِ ریلوے حنیف عباسی صاحب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جب قوم پہلے سے موجود ریلوے نظام کی بدانتظامی اور اذیت میں جکڑی ہو تو ایسے میں بڑے منصوبے، بلند وعدے اور خوابوں کی پرشکوہ باتیں محض تماشا بن کر رہ جاتی ہیں۔ لہٰذا گزارش ہے کہ پہلے موجودہ ریل کے نظام کو عزت کے ساتھ چلانا سیکھیں پھر بلٹ ٹرین کے لطیفوں سے قوم کو بہلانے کی کوشش کیجیے گا۔ جس موجود نظام کو صرف سنبھالنا تھا وہ بھی ہاتھوں میں ٹوٹ رہا ہے، وہاں نئی ٹرینوں کے خواب دکھانا ترقی نہیں قوم کے ساتھ مذاق ہے۔

عبید مغل سیف اللہ.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: بلٹ ٹرین کے ساتھ

پڑھیں:

نظامِ مصطفیؐ کا نفاذ ہی مسائل کا دیرپا حل ہے‘ شکیل قاسمی

data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے پاکستان کے سینئر رہنماملک محمد شکیل قاسمی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور ملک کو درپیش چیلنجزمعاشی بحران، اخلاقی زوال، سیاسی بے یقینی اور عوامی بے چینی کا واحد دیرپا حل نظامِ مصطفی ﷺ کے حقیقی نفاذ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک کے نظام کو قرآن و سنت کی بنیاد پر استوار نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک عوامی مسائل، بدعنوانی اور معاشرتی انتشار کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ملک محمد شکیل قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا وجود ہی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر رکھا گیا تھا مگر بدقسمتی سے آج تک حقیقی اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نظامِ مصطفی ﷺ سے دوری ہی وہ اصل وجہ ہے جس کے باعث ملک میں انصاف، امن، معاشی استحکام اور سماجی عدل کا فقدان نظر آتا ہے۔ انہوں نے ملکی سیاسی و معاشی حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی باہمی کشمکش، عوامی مسائل سے لاتعلقی اور اداروں کے درمیان عدم ہم آہنگی نے ریاست کو کمزور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم مایوسی کا شکار ہے اور ایسے ماحول میں مذہبی و سیاسی قیادت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے درست سمت میں قوم کی رہنمائی کرنا ہوگی۔

مانیٹرنگ ڈیسک گلزار

متعلقہ مضامین

  • یہ تقسیم کیوں ؟
  • نظامِ مصطفیؐ کا نفاذ ہی مسائل کا دیرپا حل ہے‘ شکیل قاسمی
  • سہ روزہ بستی
  • آئی ایم ایف رپورٹ یا چوروں کی چارج شیٹ
  • سسٹم کا بحران اور امکانی خدشات
  • ای چالان سندھ کے دیگر شہروں میں  کیوں نافذ نہیں کیا گیا؟
  • اجتماع عام کا اختتام پر روڈ میپ کا اعلان
  • کراچی کینٹ اسٹیشن پر کھڑی کارگو ٹرین کی دو بوگیوں میں آتشزدگی، بوگی میں موجود سامان جل کر خاکستر
  • ناکارہ ملکی نظام کی تبدیلی کا عزم