الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیز تر تکمیل کی طرف لے جایا جائے:وزیراعظم کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کے فروغ کے لیے چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیز رفتار سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر گہری تشویش ہے، اور اگر پاکستان روایتی ایندھن کی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دے، تو آلودگی میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال پاکستان کے خزانے پر امپورٹڈ ایندھن کے بوجھ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ وزارت توانائی نے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کر کے 70 روپے سے کم کر کے 40 روپے فی یونٹ کر دیا ہے، جس سے نہ صرف الیکٹرک گاڑیوں کی استعمال کی لاگت کم ہو گی بلکہ اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
وزیراعظم نے وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اس فیصلے سے سرمایہ کاروں کو اعتماد حاصل ہو گا اور وہ اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے اس منصوبے کی تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ عوام کو الیکٹرک گاڑیوں کے فوائد کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ماحول دوست منصوبے نہ صرف ماحولیاتی بہتری کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر غیر متوقع موسموں کا سامنا ہے، بلاول بھٹو زرداری
گلگت بلتستان میں بارش کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپنے لوگوں کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت کو سخت ٹائم لائنز کے اندر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر غیر متوقع موسموں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں بارش کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے مقامی آبادی خطرے میں ہے، دوسری طرف ہمارے جنوبی علاقے شدید خشک سالی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بہت سارے شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے، وفاقی اور گلگت بلتستان کی حکومتیں متاثرین کی فوری امداد اور بحالی کے لیے اقدام کریں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ غذر اور گھانچے سمیت پورے گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ، موبائل سروسز اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انتظامیہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کو بھی جلد کھولنے کے اقدامات کرے۔