بدین ،محتسب اعلیٰ کی کھلی کچہری ،ملازمین نے شکایتوں کے انبار لگادیئے
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
بدین(نمائندہ جسارت ) ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ بدین سید محمد سجاد حیدر شاہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس بدین میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بدین کے مالیاتی دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری میں مختلف اداروں کے سرکاری ملازمین نے اپنے مسائل پیش کیے۔ اس موقع پر لوگوں کی جانب سے پنشن، جی پی فنڈ اور تنخواہوں سمیت مختلف مسائل کے حل کے لیے ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ نے درخواست گزاروں کے مسائل غور سے سنے اور کئی معاملات کے فوری حل کے احکامات جاری کیے کھلی کچہری کے دوران ریجنل ڈائریکٹر سید محمد سجاد حیدر شاہ نے مالیاتی دفتر بدین کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد سرکاری حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ اس موقع پر درخواست گزار صحت کے محکمے کے سوئپر پوجو مل نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے آٹھ ماہ سے میری تنخواہ بند ہے اور میں مسلسل مالیاتی دفتر بدین کے چکر لگا رہا ہوں۔ اس کے علاوہ دیگر درخواست گزاروں کی شکایات پر بھی بروقت ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ سید محمد سجاد حیدر شاہ نے مالیاتی دفتر بدین کے افسران اور کلرک اسٹاف کو ہدایت دی کہ غریب اور مستحق افراد کو معمولی اعتراضات میں پریشان نہ کیا جائے۔ انہوں نے درخواست گزاروں کو کہا کہ اگر ان کے کام مالیاتی دفتر بدین میں نہ ہوں تو وہ ان کے دفتر بھی آسکتے ہیں۔ صوبائی محتسب اعلیٰ کے دفتر کے دروازے درخواست گزاروں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر بدین عارف حسین میرانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ماہ جی پی فنڈ، ٹیچنگ الاؤنس، پنشن اور ایل پی آر سمیت تمام کیسز مکمل کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل اکاؤنٹس آفیسر یاسر ڈوگر، اسسٹنٹ رجسٹرار صوبائی محتسب اعلیٰ بدین عبدالستار میمن، اکاؤنٹنٹ عمران بلوچ، سب اکاؤنٹنٹ سارنگ لطیف سومرو، سب اکاؤنٹنٹ فاروق چنا اور مختلف اداروں کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین کی بڑی تعداد میں شرکت ہوئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: صوبائی محتسب اعلی ریجنل ڈائریکٹر درخواست گزاروں بدین کے
پڑھیں:
اسلام آباد، بلاول بھٹو سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی ملاقات
وزیر اعلیٰ نے انہیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات اور گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے اسمبلی قرارداد سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات اور گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے اسمبلی قرارداد سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں جی بی میں حکومت سازی، خطے کے مسائل اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔