نماز فجر پڑھ کر آنے والا نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
کراچی (نمائندہ جسارت)کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں نے نماز فجر پڑھ کر لوٹنے والے نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا، ایس ایس پی کورنگی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او زمان ٹاؤن اور چوکی انچارج کو معطل کردیا۔ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی 51 سی میں نماز فجر پڑھ کر لوٹنے والا 17 سالہ نوجوان مظفر اقبال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے بتایا کہ ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران مقتول مسجد سے نماز پڑھ کر نکل رہا تھا، مظفر نے ڈاکوؤں کو دیکھ کر شور مچایا جس پر ڈاکو فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جبکہ 17 سالہ مظفر اقبال سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے واقعے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او زمان ٹاؤن رضوان قریشی اور تصویر محل چوکی کے انچارج نعمان کو معطل کردیا۔مقتول کی والدہ نے بتایا کہ میں گھر میں تھی، گولی کی آواز آئی تو کسی نے بتایا کہ مظفر کو گولی لگی ہے، جب میں پہنچی تو مظفر خون میں لت پت ملا، انہوں نے کہا کہ مجھے انصاف چاہیے، میرا بیٹا نماز پڑھنے گیا تھا۔مقتول مظفر محنت کش اور چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا، مقتول کے بھائی نے کہا کہ ہمارے بھائی کو ناحق مارا گیا ہے، ہمیں انصاف چاہیے۔اہل علاقہ نے مظفر کی ہلاکت پر وارداتوں کی شکایتوں کے انبار لگادیے، انہوں نے کہا کہ یہاں تو وارداتیں عام ہیں، گھر کے باہر بیٹھے بچوں سے موبائل فون چھین لیے جاتے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
دہشت گرد اگر ہمیں ایک گولی مارتا ہے تو ہمیں 10 مارنی چاہئیں، رہنما پی ٹی آئی
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد اگر ہمیں ایک گولی مارتا ہے تو ہمیں 10 مانی چاہئیں جبکہ اپنے رہنماؤں کو تجویز دی کہ سوشل میڈیا پر پارٹی کے اندرونی اختلافات بیان نہ کریں۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ‘سینٹر اسٹیج’ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس وقت ضرورت ہے کہ پارٹی کی اندر کی باتیں باہر نہ لائیں۔
سلمان اکرم راجا کے سوشل میڈیا پر بیانات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اختلافی باتیں نہیں ہونی چاہئیں، اگر کسی قسم کے اختلافات ہیں بھی تو ٹیلی فون پر ان کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کابینہ کی تشکیل سے متعلق کہا کہ میری امید ہے کہ ہمارے وزرا عوام کی توقعات پر پورا اتریں، بانی پی ٹی آئی اور عوام کی کابینہ سے بہت توقعات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو یقین دہانی ہے کہ ہم ایک جماعت کی طرح ہیں، میری وزیراعلیٰ کو مکمل سپورٹ ہوگی، علی امین گنڈا پور نے جب دو وزرا کو ہٹایا تھا تو وہ ان دو لوگوں کاقلم دان تبدیل کرنا چاہ رہے ہیں، سہیل آفریدی نے اب ان دو لوگوں پر اعتماد کیا ہے تو میری دعا ہے کہ اللہ انہیں کامیاب کرے ۔
علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو کہنا چاہیے تھا کہ ہمارے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اگر ملاقات کے لیے آرہے ہیں تو ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو یقینی بنائیں، وزیراعظم بتائیں کہ وہ کس سے پوچھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کو اپنے بیانات میں احتیاط کرنی چاہیے، وہ ایک اسلامی ایٹمی ملک کے وزیر دفاع ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ دہشت گرد اگر ہمیں ایک گولی مارتا ہے تو ہمیں 10 مارنی چاہئیں، ہم نے صوبے میں دو بار امن لا کر ثابت کیا ہے۔