وفاقی وزیر داخلہ کا نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ''نادرا موبائل ایپ''لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، کل یعنی 17 جنوری سے "پاک آئی ڈی ویب سائٹ" بند کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 3 نئے ریجنل سنٹرز آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات اب موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں۔ جیسا کہ انگلیوں کے نشانات اور مطلوبہ دستاویزات سکین کر کے اپ لوڈ کرنے میں پریشانی ہوتی تھی۔ وفائی وزیر داخلہ نے کہا کہ جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے،شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر کے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان سر گرمیوں کے تدارک کے لئے 17 جنوری سے ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے ۔ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ہے، نادرا دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ساتھ ان عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنادیا گیا ہے۔ شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی ، ب فارم ، ایف آرسی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اب گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے، ان دفاتر کے قیام سے نادرا حکام اور شہریوں کے درمیان رابطے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل دفاتر کے قیام سے دور دراز علاقوں کے نادرا مراکز میں خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی، شہریوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور شکایات کا فوری ازالہ ہو گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 31 مارچ تک ملک کی تمام تحصیلوں میں نادرا دفاتر قائم کرنے کا ہدف پورا کر لیا جائے گا، اب تک ملک بھر میں صرف 19 تحصیلوں میں نادرا دفاتر کا قیام باقی تھا۔ اس ضمن میں کام تیزی سے جاری ہے، 31 مارچ تک ان تحصیلوں میں بھی نادرا دفاتر فعال ہو جائیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: داخلہ محسن نقوی ریجنل دفاتر موبائل ایپ وزیر داخلہ وفاقی وزیر ویب سائٹ انہوں نے کہا کہ نے کہا
پڑھیں:
پاکستان، بنگلہ دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ
ڈھاکہ+اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا، دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی، ان کا وزارت داخلہ پہنچنے پر بنگلہ دیشی ہم منصب نے پرتپاک خیرمقدم کیا، گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزراء داخلہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی، پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ، بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح کا وفد عنقریب سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔ملاقات کے دوران انسداد منشیات و انسداد انسانی سمگلنگ کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پولیس اکیڈمیوں میں ٹریننگ پروگرامز کے باہمی تبادلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے کہا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کا دورہ پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پرپاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ بنگلہ دیش کے وزیر مملکت داخلہ خدا بخش، سیکرٹری داخلہ نسیم الغنی، ایڈیشنل سیکرٹری سکیورٹی ڈویژن شمیم خان جبکہ پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور محمد واصف، پولیٹیکل قونصلر کامران دونگل سمیت اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے ۔