ملتان ٹیسٹ: پاکستان کی ٹیم 230 رنز پر آؤٹ
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
ملتان: ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ملتان میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز محمد رضوان اور سعود شکیل نے بلے بازی کا آغاز کیا، تاہم سعود شکیل 84 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان آغا محض 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان 71 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بنا سکے، جس کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیڈن سیلز اور جومل ویریکن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، کیون نے 2 وکٹیں لیں، جبکہ گوداکش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز میں مشکلات کا سامنا رہا اور ابتدائی بلے بازوں کی جلد آؤٹ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم 16 رنز پر 4 کھلاڑی گنوا چکی تھی۔ محمد ہریرہ 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان شان مسعود 11 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، کامران غلام 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے اور بابر اعظم بھی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد، ابرار احمد اور محمد ہریرہ شامل ہیں۔ محمد ہریرہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
ایم ڈی کیٹ رزلٹ میں کراچی کے طلبہ نے میدان مار لیا، 41 بچے ٹاپ 10 میں شامل
آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے تحت ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان میں کراچی کے طلبہ نے سندھ بھر میں سبقت حاصل کرلی۔آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے ایم ڈی کیٹ 2025 کے ٹیسٹ میں پہلی تینوں پوزیشنز کراچی کے نام رہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل 124 امیدواروں میں سے 41 امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔ایم ڈی کیٹ کے ابتدائی نتائج کے مطابق سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز سے اے ون اور اے گریڈ لانے والے طلبہ کی اکثریت یعنی 56 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں فیل ہو گئے جبکہ بی ڈی ایس کے 48 فیصد امیدوار ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے۔نتائج کے مطابق 14300 امیدوار 55 فیصد (99) یا اس سے زائد نمبر لا کر کامیاب ہو سکے جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 17123 امیدوار 50 فیصد (90) یا اس سے زائد نمبر لا کر کامیاب ہوئے، اس طرح 56 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے جبکہ بی ڈی ایس میں 48 فیصد امیدوار ناکام ہو گئے۔ایم ڈی کیٹ نتائج کے مطابق سید محمود خان ولد عدالت خان کراچی ضلع غربی نے ایم ڈی کیٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے، انہوں نے 180 میں سے 175 نمبر حاصل کیے، کراچی کورنگی کے فیصل اشرف خان ولد نوید اشرف خان اورضلع قمبر شہداد کوٹ کے شیراز حسین ولد نیاز حسین مغیری 174 نمبر لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔کراچی شرقی کے محمد ریان ہمایوں ولد ہمایوں فاروق، کورنگی کی ماہ نور شاہنواز بنت سید شاہنواز حسین اور حیدرآباد کی حرا عابد ولد عابد علی سیہتو 173 نمبر لا کر تیسرے نمبر پر رہے، 124 امیدوار ٹاپ ٹین میں شامل رہے جن میں سے 41 امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔