پالپا نے پائلٹس کی تنخواہوں میں فوری اضافے کا مطالبہ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
قومی ایئر لائن کے پائلٹس کی تنظیم ’پالپا‘ نے پائلٹس کی تنخواہوں میں فوری اضافے کا مطالبہ کردیا۔
پالپا کے جنرل سیکریٹری کیپٹن عمران ناریجو نے سی ای او قومی ایئر لائن کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پائلٹس کی تنخواہوں میں 2016 سے اضافہ نہیں کیا گیا، کم تنخواہوں کے باعث قومی ایئر لائنز کے پائلٹس دیگر ایئر لائنز کو جوائن کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن سے پائلٹس کا دیگر ایئر لائنز میں جانا قومی ایئر لائن کے لیے بڑا نقصان ہے۔
پالپا مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملکی نجی ایئر لائنز اپنے پائلٹس کو بہتر تنخواہ اور دیگر مراعات کی پیشکش کر رہی ہیں، اب یورپی ملکوں میں بھی قومی ایئر لائن کی پروازوں کی بحالی ہوچکی ہے، موجودہ صورتحال کے پیش نظر پائلٹس کی تنخواہوں فی الفور اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے پائلٹس کی تنخواہوں کو بڑھا کر مارکیٹ بیسڈ کیا جائے، موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر بڑھتے ٹیکسز، مہنگائی کو مدنظر رکھ کر تنخواہوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔
کیپٹن عمران ناریجو نے کہا کہ پائلٹس کی تنخواہوں میں اضافے سے ان کی کارکردگی و پیشہ وارانہ امور پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: قومی ایئر لائن ایئر لائنز
پڑھیں:
جماعت اسلامی نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کردیا
منصورہ لاہور میں کارکنوں کے تربیتی سیشن سے خطاب میں امیر جماعت کا کہنا تھا کہ سیٹیں چھینی اور من پسند لوگوں میں بانٹی جاتی ہیں، جبکہ باجوہ کو ایکسٹیشن دینے اور اپنی تنخواہوں میں اضافے کیلئے یہ سب اکٹھے ہو جاتے ہیں، مگر غزہ و کشمیر میں ہونیوالے ظلم پر سب خاموش ہو جاتے ہیں، حکمرانوں کا کام مذمت کرنا نہیں، بلکہ اقدامات اٹھانا ہوتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مخصوص نشستوں کے غیر منصفانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے یہ سیٹیں پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کردیا۔ منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام تربیتی سیشن میں مختلف شہروں سے آئے کارکنوں اور رہنماوں نے شرکت کی۔ تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ ہو یا پی ٹی آئی سب اسٹیبلشمنٹ کے مہرے ہیں، تاہم مخصوص نشستوں کے غیرمنصفانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے یہ سیٹیں پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مقتدر ٹولہ کسی آئین و قانون کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملک کو بند گلی میں دھکیلنے پر تُلا بیٹھا ہے، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نے انتخابی نظام کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سیٹیں چھینی اور من پسند لوگوں میں بانٹی جاتی ہیں، جبکہ باجوہ کو ایکسٹیشن دینے اور اپنی تنخواہوں میں اضافے کیلئے یہ سب اکٹھے ہو جاتے ہیں، مگر غزہ و کشمیر میں ہونیوالے ظلم پر سب خاموش ہو جاتے ہیں، حکمرانوں کا کام مذمت کرنا نہیں، بلکہ اقدامات اٹھانا ہوتا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے اشتہارات دیکر خوشحالی کے جھوٹے دعوے کرنا حکمرانوں کا پسندیدہ مشغلہ بن چکا ہے، تاہم جماعت اسلامی ملک سے گالی، گولی، تعصب اور نفرت کی سیاست کو ختم کرے گی اور جماعت اسلامی ملک میں آئین و دستور کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے، قوم کو فروعی اختلافات سے نکال کر اتحاد و یکجہتی کیلئے کوشاں اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔