پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ سنبھال لی
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ نے گیارہویں بار کمبائنڈ ٹاسک فورس-151 کی کمانڈ سنبھال لی۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب کا انعقاد امریکی نیول سنٹرل کمانڈ ہیڈکوارٹرز، بحرین، میں کیا گیا۔ پاک بحریہ کے کموڈور سہیل احمد عظمی نے ترک بحریہ کے ریئر ایڈمرل رستو سیزر (Rustu Sezer )سے کمانڈ کی ذمہ داری سنبھالی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس-151 (CCTF-151) کموڈور سہیل احمد عظمی نے یقین دلایا کہ ان کی ٹیم اس اہم ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاک بحریہ؛ میری ٹائم سیکیورٹی کے اعتبار سے اس پیچیدہ اور نازک خطے میں؛ میری ٹائم ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے ترک کمانڈر ریئر ایڈمرل رستو سیزر اور ان کی ٹیم کی؛ مقررہ مقاصد کے حصول کے لیے؛ بے لوث کوششوں کو بھی سراہا اور مبارکباد دی۔ پاکستان بحریہ کو گیارہ دفعہ CTF-151 کی کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ کمان کی تبدیلی کی تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف، بحرین میں ترکیہ کی سفیر عیس ہلال سیان کویتک (Ayse Hilal Sayan Koytak )، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل جارج ایم ویکوف (George M Wikoff)، ڈپٹی کمانڈر ترک فلیٹ، وائس ایڈمرل ابراہم اوزدین کوثر (Ibramim Ozden Koce ) اور سینئر سفارت کاروں اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ساتھ کام کرنے والی دیگر بحری افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاک بحریہ میری ٹائم
پڑھیں:
پاکستان کی بلیو اکنامی کیلئے پائیمک ایکسپو اہمیت کی حامل ہوگی: وائس ایڈمرل فیصل عباسی
—فائل فوٹووائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بلیو اکنامی کے لیے پائیمک ایکسپو اہمیت کی حامل ہوگی، پائیمک کانفرنس کے مثبت اثرات نمایاں ہوں گے۔
ایکسپو سینٹر کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پائیمک کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن تین سے چھ نومبر تک ہوگا، کانفرنس میں 44 ممالک پائیمک کانفرنس میں حصہ لیں گے، غیرملکی مندوبین کی بڑی تعداد پائیمک کانفرنس میں شریک ہو گی۔
وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی کا کہنا ہے کہ اس میگا ایکسپو کے انعقاد کے تعاون پر سندھ حکومت کے بھی شکر گزار ہیں، اس کانفرنس میں مقامی سرمایہ کاروں کو بھی فوائد حاصل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پائیمک میں انٹرنیشنل کانفرنس بھی ہوگی، مختلف موضوعات پر لیکچرز ہوں گے، سمندری آلودگی ایک چیلنج ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت کام کر رہی ہے، بزنس کمیونٹی سمندری تجارت کی طرف آئیں، سمندر میں ہمیں کچھ نہیں کرنا اللّٰہ پاک نے بہت کچھ عطا کیا ہے، سمندری آلودگی پر بہت عرصہ ہم نے اس سے آنکھیں بند رکھی جو غلطی تھی۔
وائس ایڈمرل نے کہا کہ دنیا کے تمام ریجنز کے ممالک کا نمائش میں شریک ہونا پائیمک کی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک اور شپ یارڈ کی ضرورت ہے، ہم کراچی شپ یارڈ کے بعد کوئی اور شپ یارڈ نہیں بنا سکے ہیں۔ نئے شپ یارڈ کے منصوبے پر وفاقی وزیر بحری امور کام کر رہے ہیں۔
وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت سے ٹاسک فورس تیار کی ہے، یہ ایک چیلنج ہے جسے ٹھیک کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نیوی نے چین کے ساتھ آئل اینڈ گیس کے سروے کے لیے معاہدہ کیا تھا، تین سروے ہوئے، پتہ چلا کہ مکران اور دیگر مقامات پر ذخائر پائے گئے ہیں۔ کل آخری دن تھا بولی کا، دنیا کے بڑے ممالک بولی دے رہے ہیں، پاکستان کے پاس تقریباً 16 بلین ڈالر کے ذخائر ہے۔