سماجی تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے، سجاد خان
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد سماجی آواز سول سوسائٹی اتحاد نیٹ ورک کے چیئرمین سجاد خان نے کہا ہے کہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور غیر سیاسی سماجی تنظیموں کو فعال بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام سماجی تنظیموں کو پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی و جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین آرائیں سے ویلفیئر کے مرکزی آفس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سوھنی دھرتی کے جنرل سیکرٹری محمد رفیق راجپوت، بھائی خان ویلفیئر کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد اقبال قریشی، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسماعیل شیخ، چیف آرگنائزر محمد حنیف شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ این جی اوز الائنس کے ساتھ مل کر دُکھی انسانیت کی خدمت کے لیے حیدرآباد ڈویژن کی سطح پر تمام رجسٹرڈ سماجی تنظیموں کا پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف سماجی تنظیموں سے رابطے جاری ہیں اور جلد مشترکہ اجلاس میں مشاورت کر کے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ بھائی خان ویلفیئر کے بانی حاجی محمد یاسین آرائیں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھائی خان ویلفیئر انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے سیاست سے بالاتر ہو کر تمام سماجی تنظیموں سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ملک کے موجودہ حالات میں تمام اداروں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، چوہدری پرویز الٰہی
پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کی ذمہ داری صرف سیاستدانوں کی نہیں بلکہ اداروں کی بھی ہے، سب کواپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویزالٰہی کی تعزیت کیلیے بزرگ سیاستدان و سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی رہائش گاہ آمد ہوئی جہاں انہوں نے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر سے ملاقات کی اور والد کے انتقال پر تعزیت کی۔
پرویز الٰہی کے ہمراہ راسخ الٰہی اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر انہوں نے میاں محمد اظہر کی مغفرت اور بلند درجات کیلیے دعا بھی کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اس وقت ملک میں جس طرح کے حالات ہیں اس میں صرف سیاستدانوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ جتنے بھی ادارے ہیں ان کی بھی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ایک ادارے کو چاہیے کہ ملک و قوم کی خاطر اپنا اپنا کردار ادا کرے اور سب کو یہ کرنا پڑے گا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میاں اظہر جیسے اعلیٰ ظرف سیاستدان ہم میں نہیں رہے، اُن سے میری تیس سالہ طویل سیاسی رفاقت رہی ہے اور انہوں نے سیاست میں ایمانداری اور وضع داری کے ساتھ جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ میاں اظہر کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ میاں اظہر مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل عطا فرمائے۔