کراچی: سرجانی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے زخمی دوسرا بچہ بھی دم توڑ گیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
کراچی:
سرجانی تیسر ٹاؤن میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور بچہ 6 سالہ ایلن ولد شہزاد اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔
اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 2 ہوگئی، ایک زخمی تاحال زیرعلاج ہے، پولیس نے فائرنگ میں ملوث 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ سرجانی ٹاؤن تھانے کےعلاقے سرجانی ٹاؤن تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 سی میں گزشتہ روز گھر کے باہر فائرنگ سے ایک کمسن بچہ جاں بحق اور ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے تھے جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کمسن بچے کی شناخت 6 سالہ بنجو ولد آئزک کے نام سے ہوئی تھی۔ زخمیوں میں 6 سالہ ایلن ولد شہزاد اور 30 سالہ روبن ولد بابر شامل تھے۔ دونوں زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری تھا تاہم زخمی ہونے والا بچہ 6 سالہ ایلن ولد شہزاد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن انسپکٹر غلام حسین پیر زادہ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارات لیکر جانے والے افراد شادی میں فائرنگ کررہے تھے، اسی دوران حادثاتی فائرنگ سے واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ میں استعمال کیا ہونے والا پستول برآمد کرلیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ملوث 3 افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے، اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فائرنگ سے
پڑھیں:
کراچی میں تین روز کے دوران ڈکیتوں کی فائرنگ سے 4 شہری جاں بحق
شہر قائد میں جاری ڈاکو راج کے دوران پیر سے بدھ تک 3 روز میں ڈاکوؤں کی سفاکانہ فائرنگ کا نشانہ بن کر 4 افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 21 اپریل بروز پیر اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید میں ڈاکوؤں نے کار شوروم کے مالک خان عالم کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور اس سے 8 لاکھ 90 ہزار روپے نقدی اور لائسنس یافتہ اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔
22 اپریل بروز منگل ڈاکوؤں نے سپر ہائی وے وزیر گوٹھ اتوار بازار کے قریب فائرنگ سے دنبہ گوٹھ کے رہائشی 28 سالہ غنی کو موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا ۔
اسی روز کورنگی سو کوارٹر ظہور السلام مسجد کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 50 سالہ عرفان 23 اپریل بروز بدھ کو زندگی کی بازی ہار گیا۔
اسی روز اورنگی ٹاؤن گلشن احباب میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ حسین زندگی سے محروم ہوگیا۔