Nai Baat:
2025-07-26@15:26:23 GMT

جائیں تو جائیں کہاں ….(2)

اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT

جائیں تو جائیں کہاں ….(2)

حال ہی میں، میں نے ایک کالم لکھا تھا: ایف آئی آر درج ہونے پر مٹھائی کی تقسیم۔ یعنی ایف آئی آر درج ہونے پر مٹھائی تقسیم کی گئی تھی‘ آگے کے معاملات تو بعد کی بات ہے۔ وہ کالم بڑا ہٹ ہوا تھا۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ ایک ایف آئی آر درج کرانا یہاں مشکل ہو گیا ہے۔ اہلکار جان بوجھ کر چکر لگواتے ہیں۔ انہیں سب کچھ پتا ہوتا ہے لیکن وہ مال پانی بنانے کے چکر میں رہتے ہیں۔ کاش حکومت کوئی ایسا سلسلہ شروع کرے کہ زیادہ فیس لے لے لیکن ایف آئی آر ہر حالت میں درج ہو تو بہت سوں کا بھلا ہو جائے۔ مدعی کسی معاملے میں بہت گرم بھی ہو تو پولیس اسے یہ کہہ کر ٹھنڈا کر دیتی ہے کہ مک مکا کر لو۔
مجھے ایک ماہ پہلے ایک وڈیرے کے ڈیرے پر جانے کا اتفاق ہوا۔ ویسا ہی وڈیرہ کہ جس کے خلاف کئی مقدمات ہیں‘ یعنی وہ پورا بدنام زمانہ وڈیرہ تھا۔ لوگ اس سے ڈرتے ہیں۔ میں نے دیکھا کہ اس کے پاس تو رونق لگی ہوئی ہے‘ ایس ایچ او صاحب بھی بیٹھے ہوئے ہیں‘ ڈی ایس پی صاحب بھی بیٹھے ہوئے ہیں‘ قہقہے لگائے جا رہے ہیں اور کھابے وغیرہ چل رہے ہیں۔ میں سوچنے لگا کہ یہی تو وہ بندہ ہے جس کے خلاف شکایات پولیس والوں کو ملتی ہیں۔ پولیس ان شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے خود اسی کے پاس بیٹھی ہے تو ایسے میں انصاف کے تقاضے کیسے پورے ہو سکتے ہیں؟ اسی طرح پانچ چھ سال پہلے کا ایک اور واقعہ ہے کہ کسی کام کے سلسلے میں کسی اہل علاقہ کے ساتھ چند بار تھانے جانے کی ضرورت پیش آ گئی۔ میں نے دیکھا کہ علاقے کا جو لفنگا ترین بندہ ہے‘ لوگ جس سے تنگ اور جس کے خلاف شکایات کرتے رہتے تھے‘ روزانہ ایس ایچ او کے پاس آتا ہے۔ ایس ایچ او کا نام مجھے یاد ہے لیکن میں یہاں رازداری ہی رکھوں گا۔ پردہ داری بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔ میں نے ایس ایچ او سے پوچھا کہ یہ تو علاقے کا بدنام ترین شخص ہے‘ اس کا روزانہ آپ کے پاس کیا کام ہے؟ ایس ایچ او صاحب مسکرائے اور کہا: شیخ صاحب آپ تو شریف آدمی ہیں‘ ہمارا کچن تو ان لوگوں کی وجہ سے چلتا ہے‘ آپ نے ہمیں کیا دینا ہوتا ہے؟۔
یہ کرپشن والا معاملہ کچھ تھم جائے‘ رک جائے تو ہمیں خوشی ہو کہ رک گیا ہے بڑھ نہیں رہا‘ لیکن یہاں معاملہ بڑھ رہا ہے‘ کم نہیں ہو رہا۔ آپ پیسے لیتے ہیں تو پانچ فیصد جیب میں ڈالیں اور 95 فیصد گورنمنٹ کے کھاتے میں ڈالیں‘ یہ تو ٹھیک ہے‘ لیکن یہاں اس کے الٹ ہو رہا ہے۔ یہ لوگ 95 فیصد جیب میں ڈالتے ہیں اور پتا نہیں 5 فیصد بھی حکومت کو دیتے ہیں یا نہیں۔محکمہ بجلی کو لے لیں۔ اس کی بجلی کا کنکشن لگانے کی ایک مقررہ فیس ہے‘ لیکن کوئی نہیں لگنے دے گا جب تک آپ اس سے دوگنا رشوت کے طور پر انہیں پیش نہ کر دیں۔ وہ کسی سے نہیں ڈرتے بلکہ علی الاعلان کہتے ہیں کہ جاﺅ جس کو بتانا ہے بتاﺅ۔
میرا تجزیہ یہ ہے کہ اگر کسی تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے کے لےے 100 درخواستیں جاتی ہیں تو کارروائی کے لئے صرف دس کے قریب کورٹ تک پہنچائی جاتی ہیں۔ اور وہ 10 جو کورٹ تک چلی جاتی ہیں ان کے فیصلوں میں بھی چالیس چالیس سال لگ جاتے ہیں۔ صبح نو بجے آ جاﺅ اور شام چھ بجے تک کھڑے رہو کہ پتا نہیں کب آواز آ جائے۔ دونوں پارٹیوں کا پہنچنا ضروری ہوتا ہے۔ اگر کسی وجہ سے نہ پہنچ سکےں تو وکلا کا ایک پورا گروپ وہاں یہ بتانے کے لےے پہنچ جاتا ہے کہ جناب مدعی تو آ ہی نہیں رہا‘ اس کی ضمانت لے لیں۔ ضمانت مل جائے تو پھر کون پوچھنے والا ہے؟ حالات اس حد تک نیچے چلے گئے ہیں کہ ہمارے ملک کا پاسپورٹ دنیا کا بد ترین پاسپورٹ بن چکا ہے کہ 200 ملکوں میں اس کے بعد صرف افغانستان کا نمبر آتا ہے۔ ہمارے ملک کا نام کتنا اچھا کتنا پیارا ہے‘ اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ لیکن ہم نے اپنے اس خوبصورت پاکستان کو کتنا گندا کر دیا ہے۔ ستر برسوں سے زیادہ عرصہ ہو رہا ہے کہ ہم کچے کے علاقے کو ہی کنٹرول نہیں کر سکے۔ ہر چند ماہ کے بعد یہ سننے میں آتا ہے کہ کچے کے علاقے میں یہ آپریشن ہو رہا ہے‘ وہ آپریشن ہو رہا ہے‘ لیکن اصل میں ہوتا ہواتا کچھ نہیں۔ ان سے کچے کے ڈاکو کنٹرول نہیں ہو پا رہے’ اور کیا ہو گا؟ 20 سال پہلے کی بات ہے کہ ایک ڈی ایس پی صاحب کو ملنے سیالکوٹ گیا تو انہوں نے بڑے فخر سے بتایا کہ میں اپنی تنخواہ گن مینوں میں تقسیم کر دیتا ہوں۔ انہوں نے یہ بات بھی بڑے فخر سے بتائی کہ میں پیسے ضرور لیتا ہوں لیکن میںملزموں سے نہیں مدعیوں سے لیتا ہوں۔ میں دعائیں لیتا ہوں‘ بددعائیں نہیں لیتا ہوں۔ یہ اس ڈی ایس پی کا عالم تھا جسے قائد اعظم ایوارڈ مل چکا تھا۔ یہ کلچر بن چکا ہے ہمارے ملک میں۔ ایسے میں بندہ فریاد لے کر کس کے پاس جائے؟ ۔
ان حالات میں تو صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے کہ کوئی اللہ کا بندہ آئے جو اس ملک اور اس کے نظام کو سیدھا کر دے‘ یہ خود سے تو ٹھیک ہوتے نظر نہیں آتے۔ خدا کا خوف اور احساسِ ذمہ داری ہے نہیں اور ان پر چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام بھی نہیں ہے کہ سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر ان پر گرفت کی جا سکے۔ ایسے میں قومی ترقی کے خواب کیسے دیکھے جا سکتے ہیں؟ کرپشن اور رشوت کا ناسور ترقی کے خواب کو گہنائے دے رہا ہے اور ہم سب خاموش تماشائی بننے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے کہ جن کے پاس اختیارات ہیں وہ اپنے گریبانوں میں جھانکنے کے لےے تیار ہی نہیں ہیں۔ یہاں کا باوا آدم نرالا ہے۔بقول شاعر
بر باد گلستاں کرنے کو بس ایک ہی الو کافی تھا
ہر شاخ پہ الو بیٹھا ہے انجام گلستاں کیا ہو گا

.

ذریعہ: Nai Baat

کلیدی لفظ: ایف آئی آر درج ایس ایچ او ہو رہا ہے کے پاس

پڑھیں:

’مدرسے کے ظالموں نے میرے بچے کو پانی تک نہیں دیا‘: سوات کا فرحان… جو علم کی تلاش میں مدرسے گیا، لیکن لاش بن کر لوٹا

مدین(نیوز ڈیسک) مدین کے پہاڑوں سے اُٹھنے والی ایک معصوم آواز، چودہ سالہ فرحان… جسے والدین نے دین کی روشنی کے لیے سوات کے چالیار مدرسے بھیجا، واپس آیا تو ایک بےجان جسم تھا، چہرے پر نیلے نشانات، کمر پر تشدد کے زخم، اور آنکھوں میں زندگی کے بجائے سناٹا تھا۔

تین دن پہلے پیش آنے والا یہ لرزہ خیز واقعہ آج بھی والد ایاز کے لفظوں میں سسک رہا ہے۔ فرحان کے والد نے بتایا، ’میں نے مہتمم صاحب سے ویڈیو کال پر بات کی، کہا کہ بچہ شکایت کر رہا ہے، تکلیف میں ہے… مگر مہتمم نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔‘

والد کے مطابق، شام ساڑھے چھ بجے دوبارہ رابطہ ہوا۔ مہتمم نے اطمینان سے کہا، ’بچہ ٹھیک ہے، خوش ہے۔‘ باپ نے دل کو تسلی دی کہ شاید بیٹے کا دل لگ گیا ہے، مگر اسی وقت وہ بچہ کسی کونے میں ظلم کے پنجوں میں تڑپ رہا تھا۔

ایاز کہتے ہیں، ’میں نے کہا بچہ تھوڑی بہت چھیڑ چھاڑ کرتا ہے، مگر پھر سنبھل جاتا ہے… شاید اسی وقت اُن درندوں نے اُسے مار ڈالا تھا۔‘ آنکھوں میں نمی اور آواز میں درد لیے وہ بولے، ’میرے فرحان کو پانی تک نہیں دیا گیا… وہ پیاسا مار دیا گیا!‘

فرحان کے چچا نے جب مہتمم کو فون پر بتایا کہ بچے نے ناپسندیدہ رویے کی شکایت کی ہے، تو مہتمم نے قسمیں کھا کر سب الزامات جھٹلا دیے۔ چچا کے مطابق، ’مہتمم کا بیٹا بھی قسمیں کھا رہا تھا… وہی جس پر میرے بھتیجے کو نازیبا مطالبات کرنے کا الزام ہے۔‘

یہ محض ایک بچے کی موت نہیں، ایک خواب کی، ایک نسل کی، اور والدین کے یقین کی موت ہے۔ تین سال سے فرحان اس مدرسے میں تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ ہر ماہ پانچ ہزار روپے دے کر والدین یہ سمجھتے رہے کہ ان کا بیٹا دین سیکھ رہا ہے۔ مگر مدرسے کی چھت تلے وہ ظلم سیکھ رہا تھا، مار سہہ رہا تھا، اور آخرکار خاموشی سے دم توڑ گیا۔

پولیس نے دو اساتذہ سمیت 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم مہتمم تاحال مفرور ہے۔ مدرسے کے طلبہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہاں مار پیٹ معمول کی بات ہے، اور کئی بچے خوف کے عالم میں جیتے ہیں۔ مقتول بچے کے نانا نے الزام عائد کیا ہے کہ فرحان سے جنسی خواہش کا تقاضا کیا جا رہا تھا، جس پر اُس نے مزاحمت کی۔

واقعے کے بعد خوازہ خیلہ بازار میں عوام کا جم غفیر نکل آیا۔ ہاتھوں میں فرحان کی تصویر، زبان پر ایک ہی نعرہ — ”قاتلوں کو سرعام پھانسی دو!“

ضلعی انتظامیہ نے مدرسے کو سیل کر دیا ہے، مگر سوال اب بھی باقی ہے — کتنے فرحان، کتنی ماؤں کی گودیں، کتنے والدوں کی امیدیں، اس نظام کے درندوں کی بھینٹ چڑھیں گی؟

یہ صرف فرحان کی کہانی نہیں… یہ ہر اُس معصوم کی کہانی ہے جو تعلیم کے نام پر کسی وحشی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔

Post Views: 3

متعلقہ مضامین

  • پی ٹی آئی اے پی سی بلائے تو ہم جائیں گے: میاں افتخار حسین
  • اڈیالہ جیل کےسپرنٹنڈنٹ عمران خان کو تنگ کر تے ہیں، علیمہ خان
  • جیل سپرنٹنڈنٹ بانی پی ٹی آئی کو مسلسل تنگ کر رہے ہیں، علیمہ خان
  • پی ٹی آئی کی تحریک سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، عرفان صدیقی
  • کراچی میں منشیات کا دھندا زوروں پر، مگر یہ آتی کہاں سے ہے؟
  • مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا لیکن اب بہتری کی طرف جانا چاہیے، بیرسٹر گوہر
  • مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا لیکن اب بہتری کی طرف جانا چاہیے: بیرسٹر گوہر
  • شاہ محمود قریشی کی رہائی ‘مفاہمت یا پھر …
  • ’مدرسے کے ظالموں نے میرے بچے کو پانی تک نہیں دیا‘: سوات کا فرحان… جو علم کی تلاش میں مدرسے گیا، لیکن لاش بن کر لوٹا
  • ریاست سے ناراضی کا مطلب یہ نہیں کہ ہتھیار اٹھا لئے جائیں، سرفراز بگٹی