بھارت: مذہبی تقریب کے دوران اسٹیج گرنے سے 5 افراد ہلاک، خواتین، بچوں سمیت 40 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک مذہبی تقریب کے دوران اسٹیج گرنے سے 5 افراد ہلاک اور خواتین اور بچوں سمیت 40 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حادثہ جین نروان میلے کے دوران پیش آیا جب کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تقریب کے دوران بانس اور لکڑی سے بنایا گیا عارضی اسٹیج گرا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ آج صبح سیکڑوں عقیدت مند جین مذہبی رہنماؤں کی موجودگی میں بھگوان آدتی ناتھ کو لڈو چڑھانے کے لیے موقع پر پہنچے، اس دوران عقیدت مندوں کے لیے تیار کیا گیا عارضی اسٹیج زیادہ وزن کے باعث گر گیا اوردرجنوں افراد پھنس گئے۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ یہ ایونٹ تقریباً 30 برسوں سے منعقد کیا جا رہا ہے، حادثے میں کم از کم 40 لوگ زخمی ہوئے ہیں، انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے، 20 لوگوں کو ابتدائی طبی امداد دیے جانے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے دوران
پڑھیں:
کھارادر کی عمارت میں لفٹ گرگئی، 10 افراد زخمی
کھارادر میں رہائشی عمارت کی لفٹ گرنے سے 10 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کھارادر پون کمار نے بتایا کہ کھارادر تھانہ کی حدود اچھی قبر بمبئی بازار کے قریب 7 منزلہ رہائشی عمارت سٹی مال کی لفٹ اوپری منزل سے گراونڈ فلور کی طرف آرہی تھی کہ ممکنہ فنی خرابی کے سبب لفٹ کا بیلٹ ٹوٹ گیا اور وہ گر گئی۔
لفٹ گرنے سے اس میں سوار 10 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسیکو ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو لفٹ سے نکال کر ریسیکو ایمبولینسوں سے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔ سب زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ یہ تمام زخمی افراد بلڈنگ کے ہی رہائشی ہیں۔ اس عمارت کے گراونڈ فلور پر دکانیں اور اوپری منزلیں رہائشی یونٹس ہیں۔
ایدھی حکام کے مطابق لفٹ گرنے سے زخمی ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ جنید ولد نور محمد۔35 سالہ الطاف ولد عبدالقاد، 30 سالہ محمد سہیل ولد اقبال، 28 سالہ ندیم ولد اجمل، 17 سالہ مبشر ولد اقبال ۔18 سالہ عفان ولد زاہد، 40 سالہ نفیس ولد رفیق، 40 سالہ سراج الدین ولد فضل الدین، 35 سالہ واحد گل ولد گل محمد اور 38 سالہ ریحان ولد اخلاق احمد کے ناموں سے ہوئی۔