’بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولتیں میسر‘ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا دی
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ذاتی معالج ، اہلیہ سے ملاقات اور بیٹوں سے فون کال پر بات کرانے سے متعلق درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق عدالت عالیہ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا بیان سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی درخواست نمٹائی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے درخواست کی سماعت کے دوران اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ غفور انجم پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیاکہ یہ درخواست سہولتوں سے متعلق ہے، آپ نے درخواست گزار کو کیا سہولتیں فراہم کی ہیں؟۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بی کلاس کے تحت تمام سہولتیں دی جا رہی ہیں، ان سہولتوں میں ٹی وی ، اخبار کی فراہمی کی سہولت کے علاوہ انہیں ایک باورچی بھی دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں ہفتے میں 2 مرتبہ ملاقات کی اجازت ہے، لیکن ہم 3 سے 4 بار بھی ان کی ملاقاتیں کروا دیتے ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بچوں سے فون کال پر بات کروانے کی بھی درخواست ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل کالز اس لیے نہیں کروا سکتے، کیوں کہ ہمارے پاس 8 ہزار قیدی ہیں، اگر اجازت دی گئی تو دیگر قیدی اسے عدالت میں چیلنج کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم فون پر بیرون ملک بات کرائیں گے تو ایک ٹرینڈ سیٹ ہو جائے گا، جیل رولز اور حکومت کی جانب سے انٹرنیشنل کالز کی اجازت نہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد درخواست نمٹا دی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی نے کہا کہ
پڑھیں:
اللہ نے عمران خان کو قبول کیا ہے، پنجاب پولیس کے اہلکار کی بانی پی ٹی آئی کے حق میں گفتگو
راولپنڈی:اڈیالہ جیل کے قریب ڈیوٹی پر تعینات پنجاب پولیس کے اہلکار نے بانی پی ٹی آئی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن تھا جس کے لیے تینوں بہنیں، عظمی، علیمہ اور نورین خان اپنے کزن قاسم خان کے ہمراہ اڈیالہ جیل روانہ ہوئیں تو انہیں پولیس نے گورکھپور ناکے پر روک لیا۔
اس دوران وہاں پر تعینات پنجاب پولیس کے اہلکار نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کزن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اللہ کی طرف سے امتحان ہے اور امتحان نیک لوگوں کیلیے ہوتا ہے‘۔
پولیس اہلکار کی گفتگو سُن کر بانی پی ٹی آئی کی بہن نے جواب دیا کہ ’اللہ ہمت بھی دے گا‘۔
اس پر پولیس اہلکار نے کہا کہ اللہ پاک نے عمران خان کو ہر نکتہ نظر سے قبول کیا ہے۔