بغیر اجازت سڑک کھودنے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی ہوگی‘میئر
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی نے سڑکوں کی غیرقانونی کھدائی پر یوٹیلیٹی کمپنیوں کو انتباہی نوٹس جاری کردیا۔میئر کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن نے کیالیکٹرک، واٹرکارپوریشن، سوئی سدرن اور دیگر کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شہر میں بغیر اجازت سڑک کھودنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، یوٹیلیٹی کمپنیوں کی غیرقانونی کھدائی سے شاہراہ نور جہاں اور چاکیواڑہ روڈ متاثر ہوا ہے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بغیراجازت سڑک کی کھدائی پر متعلقہ کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، یوٹیلیٹی کمپنیوں کو سڑک کھودنے کے لیے اجازت نامہ لینا لازمی ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی: کے ایم سی کا اورنگی ٹاؤن شپ میں چائنہ کٹنگ کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ
---فائل فوٹوکراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے اورنگی ٹاؤن شپ میں چائنہ کٹنگ کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میونسپل کمشنر نے دو سابق پروجیکٹ ڈائریکٹرز کے خلاف اینٹی کرپشن میں تحریری شکایات جمع کروائی ہیں۔
میونسپل کمشنر نے اینٹی کرپشن کو لکھے گئے خط میں کہا کہ سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اسلام چوک کا پلاٹ جعلسازی اور غیرقانونی طور پرٹرانسفر کیا، سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر کے مبینہ فرنٹ مین نے 60 لاکھ روپے کی بھاری رشوت لی۔
خط کے متن کے مطابق متعلقہ پلاٹوں کی سرکاری فائلیں ریکارڈ روم سے غائب ہیں، کم ریٹ چالان جاری ہونے سے کے ایم سی کو شدید مالی نقصان پہنچایا گیا، ریٹائرمنٹ کے باعث سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر کےخلاف کے ایم سی کارروائی نہیں کر سکتی، کیس قواعد کے تحت اینٹی کرپشن کو باقاعدہ انکوائری کے لیے ریفر کر دیا گیا ہے۔
میونسپل کمشنر کی جانب سے لکھے خط کے متن کے مطابق دوسرے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر پر رفاحی پلاٹ غیر قانونی طور پر کمرشل لیز کرنے کا الزام ہے، سیکٹر 13 ایچ رفاحی پلاٹ کو ناجائز طور پر دو حصوں میں تقسیم کیا گیا، سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر کی ریٹائرمنٹ کے باعث کے ایم سی کارروائی نہیں کر سکتی۔
خط میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹرز کے خلاف جعلسازی کا معاملہ اینٹی کرپشن کو بھیجنے کی سفارش کی گئی ہے۔