ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں،سندھ پنشنرز گرینڈ الائنس
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ پنشنرز گرینڈ الائنس کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کے مطالبات کے لیے پریس کلب میں الائنس کے رہنمائوں قاضی رکن الدین، شعیب موسیٰ، ناتک رام، محمد اقبال جوکھیو، جان محمد، نواز علی شاہ اور دیگر کی زیر صدارت کنونشن منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین اپنے جائز مطالبات کے حل کے لیے مسلسل احتجاج کرتے آرہے ہیں لیکن ان کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں سے کاٹا گیا گروپ انشورنس بھی نہیں دیا جا رہا ہے جبکہ سال 2022ء میں وزیراعظم کی جانب سے اعلانیہ 10 فیصد پنشن میں اضافہ بھی نہیں ادا کیا جا رہا اور ریٹائرڈ ملازمین صحت کارڈ کے لیے بھی پریشان ہیں، ریٹائرڈ ملازمین کی اولاد کو نوکریاں بھی نہیں دی جا رہیں، سن کوٹے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ہر سال حاضر سروس کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں ایک جیسا اضافہ نہیں کیا گیا، ریٹائرڈ ملازمین بینوئل فنڈز سے بھی تاحال محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے حالیہ نئی پنشن پالیسی جاری کی ہے جو ملازم دشمن ہے جسے سختی سے مسترد کرتے ہیں، کنونشن کے اختتام پر کنونشن کے شرکاء نے مطالبات منوانے کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا اور خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل فوری حل کیے جائیں، دوسری صورت میں وزیرا علیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ریٹائرڈ ملازمین کے لیے
پڑھیں:
کسی سیاسی جماعت کا نمائندہ نہیں، آئین کے مطابق قومی ذمہ داری نبھاؤں گا: گورنر سندھ نہال ہاشمی
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ گورنر کے منصب پر رہتے ہوئے اپنی تمام ذمہ داریاں آئینِ پاکستان کے مطابق ادا کریں گے اور ان کی حیثیت کسی سیاسی جماعت کے نمائندے کی نہیں بلکہ وفاق کی آئینی ذمہ داریاں نبھانے والے عہدیدار کی ہوگی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایڈیٹرز کلب کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صحافت، تعلیم، گورننس اور سندھ کو درپیش مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر وہ معاشرے کے تمام طبقات کے لیے یکساں طور پر دستیاب رہیں گے اور کسی بھی فیصلے میں سیاسی یا لسانی وابستگی کو بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ لسانی تعصبات سے بالاتر ہو کر سندھ کے تمام شہریوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور بطور گورنر ان کا کردار صوبے کے مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی، اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔
صحافت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ریلز کلچر نے معلومات کی ترسیل کا انداز بدل دیا ہے، تاہم اس تبدیلی کے ساتھ پیشہ ورانہ صحافت کے بنیادی اصولوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ صحافت کی بنیادی ذمہ داری تحقیق، حقائق اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنا ہے۔
انہوں نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ادارتی پالیسیوں اور ایڈیٹوریل گائیڈ لائنز کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ نئے آنے والے رپورٹرز کی بہتر تربیت کی جا سکے۔ ان کے بقول صحافیوں کو یہ سکھانا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ وہ متعلقہ، بامقصد اور مؤثر سوالات کریں، کیونکہ معیاری سوال ہی معیاری صحافت کی بنیاد بنتا ہے۔
گورنر سندھ نے تعلیم کے شعبے کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور معیار کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے اپنی طرزِ حکمرانی پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ گورنر ہاؤس ہی میں رہائش پذیر ہیں، اس لیے غیر ضروری پروٹوکول کے قائل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سرکاری رہائش گاہ موجود ہے تو غیر ضروری نقل و حرکت اور بڑے پروٹوکول کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ سادگی، کفایت شعاری اور عوامی سہولت کو ترجیح دینا ہی بہتر طرزِ حکمرانی ہے۔
ملاقات کے دوران وفد کے ارکان نے بھی میڈیا کو درپیش چیلنجز، صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، تعلیم اور گورننس سے متعلق مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر صحافتی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعمیری مکالمے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
گورنر سندھ نہال ہاشمی