ٹنڈو جام ، میونسپل ٹائون کارپوریشن کا اجلاس ، بجٹتجاویز پر غور
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) چیئرمین میونسپل کارپوریشن حاجی بدر احمد میمن کی زیر صدرات ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹنڈوجام کے مسائل اور سیوریج لائن کے مسئلے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کارپوریشن سیٹھ حاجی بدر میمن نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تجاویز تیار کی گئی ہیں، ان منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گندے پانی سیوریج کے نظام کو بہتر بنانا اور میونسپل کارپوریشن کی زمین کو قبضہ مافیا سے آزاد کراکر ان جگہوں پر پارکس، تفریحی مقامات بنانا اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو ٹاؤن کے ترقیاتی معاملات سے آگاہ کرتے ہوئے بجٹ کی منظوری کے لیے باضابطہ درخواستیں بھیجی جا چکی ہیں، جیسے ہی بجٹ کی منظوری ہو گی، ترقیاتی کاموں کا فوری آغاز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو جلد سہولتیں میسر آ سکیں۔ اجلاس میں وائس چیئرمین شفقت شاہ، مختلف یونین کمیٹیوں کے وائس چیئرمین، ٹاؤن میونسپل کمشنر شاہجہان پہنور، اکاؤنٹس آفیسر جے پرکاش، اسسٹنٹ ایڈمن فیصل راجپوت اور نئے ایس یو جی آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بجٹ پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں تمام ممبران نے اپنی آراء کا اظہار کیا، متفقہ طور پر بجٹ تجاویز کو منظور کر لیا گیاجس سے ترقیاتی کاموں کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیشگوئی
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک کے لیے جاری کردہ اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اس بہتری کی بنیادی وجہ ہو سکتی ہے۔اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کی معاشی شرح نمو 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جبکہ مالی سال 2025-26 کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 5.8 فیصد رہنے کی پیشگوئی برقرار رکھی گئی ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے اضافی ٹیرف کے نفاذ سے نہ صرف ایشیائی ممالک متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ عالمی تجارتی غیر یقینی صورتحال کے سبب برآمدات میں کمی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں سال 2026 تک مجموعی معاشی ترقی 6.2 فیصد جبکہ مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔یہ رپورٹ اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ اگرچہ علاقائی سطح پر کچھ مثبت رجحانات موجود ہیں، تاہم عالمی تجارتی ماحول اور پالیسی اقدامات آئندہ کی معاشی سمت کا تعین کریں گے۔