وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کوئٹہ روانہ؛ زخمی جوانوں کی عیادت کریں گے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ روانہ ہوگئے ہیں۔
پریس ونگ پرائم منسٹر آفس اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے دورۂ کوئٹہ کے دوران گزشتہ دنوں قلات میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی عیادت کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف کوئٹہ میں صوبائی قیادت سے ملاقات کریں گے، اس موقع پر انہیں امن و امان کے حوالے سے بریفنگ بھی دیہ جائے گی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ توانائی اویس لغاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیر اعظم کی اسلام آباد بار، پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں انڈیپینڈنٹ گروپ کی برتری پر مبارک باد
وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیپینڈنٹ گروپ اور اس کے سربراہ احسن بھون کو اسلام آباد بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں واضح برتری پر مبارک باد دیتے ہوئے جیتنے والے تمام وکلا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ وکلاء برادری جمہوریت کی مضبوطی، انصاف کو یقینی بنانے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نو منتخب نمائندے دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور معاشرے کے لئے ذمہ داری کے گہرے احساس کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے آپ عدلیہ اور قانون کی سر بلندی کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیرِ قانون وکلا کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ مسلسل کوشاں اور ان سے رابطےمیں رہتے ہیں، وکلا برادری نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اصولی مؤقف اپنایا، اصول پر ووٹ دینے کا ثمر کامیابی کی صورت میں ملا۔