بھارت میں طوفان مونتھا کے پیش نظر اسکول بند، شہریوں کا انخلا
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
بھارت میں مشرقی ساحلی علاقوں کی طرف بڑھنے والے طوفان مونتھا کے پیش نظر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ اسکول اور کالجز دو روز کے لیے بند کر دیے گئے جبکہ خطرے کے علاقوں سے شہریوں کا انخلا بھی کیا جا رہا ہے۔
خبر ایجنسی اے پی کے مطابق، بھارت کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا مونتھا سمندری طوفان کی شکل اختیار کر چکا ہے اور امکان ہے کہ یہ آندھرا پردیش کے ساحلی شہر کاکیناڈا سے ٹکرائے گا۔ طوفان کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے اور ساحل سے ٹکرانے پر 90 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش کے 19 اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ قریبی ریاستوں تامل ناڈو، تیلنگانا، کیرالا اور کرناٹکا میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ ٹیموں نے خطرے کے حامل علاقوں سے 38 ہزار افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا ہے، جبکہ ریاستی حکومت کے مطابق تقریباً 40 لاکھ لوگ خطرناک علاقوں میں مقیم ہیں۔ مزید برآں، ایک ہزار 238 دیہاتوں سے شہریوں کا انخلا کیا گیا اور ایک ہزار 906 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 364 اسکول شیڈ یا حفاظتی مراکز کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔
ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے خبردار کیا گیا ہے اور ریل و پرواز کی خدمات بھی جزوی طور پر متاثر ہو رہی ہیں۔ اوڈیسا میں بھی 32 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
یہ اقدامات طوفان کے ممکنہ اثرات سے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کوئٹہ: آسمان پر خوبصورت رنگ برنگی روشنیوں کا ہالہ دیکھا گیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیاوادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمان پر خوبصورت رنگ برنگی روشنیوں کا ہالہ دیکھا گیا۔
کوئٹہ، نوشکی، دالبندین سمیت مختلف علاقوں میں افق پر مختلف زاویوں سے رنگوں کا ہالہ صبح کے وقت میں دکھائی دیا۔
خوبصورت رنگوں والی روشنیوں کا ہالہ 6 بج کر 20 منٹ پر افق سے غائب ہوگیا تھا۔
سوشل میڈیا پر رنگ برنگی روشنیوں کے ہالے کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔