ڈونلڈ ٹرمپ کی اردن کے بادشاہ سے ملاقات، غزہ پر قبضے کے منصوبے کا ایک بار پھر اظہار
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
ڈونلڈ ٹرمپ کی اردن کے بادشاہ سے ملاقات، غزہ پر قبضے کے منصوبے کا ایک بار پھر اظہار WhatsAppFacebookTwitter 0 12 February, 2025 سب نیوز
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے کہا کہ وہ غزہ کو اپنے قبضے میں لینے کے منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم غزہ کو قبضے میں لیں گے اور ہم اسے ترقی دیں گے جس سے وہاں مشرق وسطیٰ کے لوگوں کے لیے بے شمار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
انہوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ اگر اردن غزہ کے فلسطینیوں کو اپنے ملک میں بسانے سے انکار کرتا ہے تو امریکا اس کی امداد روک سکتا ہے لیکن دوسری طرف اردن کے شاہ عبداللہ کہہ چکے ہیں کہ وہ غزہ کی زمین پر قبضے اور فلسطینیوں کی بےدخلی کے خلاف ہے۔
اس موقع پر صحافیوں نے دوبارہ شاہ عبداللہ سے امریکی صدر کے منصوبے کے متعلق سوال کیا مگر انہوں نے کہا کہ عرب ممالک اس منصوبے کو ریاض میں ہونے اجلاس میں زیر غور لائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے بیان کو عالمی طور پر شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کئی ممالک نے اس منصوبے کو فلسطین میں تنازع کو ہوا دینے کے مترادف قرار دے کر مسترد کیا ہے۔
.ذریعہ: Daily Sub News
پڑھیں:
پنجاب اسمبلی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی دہشت گردی کیخلاف قرارداد منظور
پنجاب اسمبلی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد حکومتی رکن اسمبلی رانا محمد ارشد نے پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان فلسطین ، خصوصاً غزہ میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں معصوم بچوں کے قتل عام ،نسل کشی، بھوک، علاج اور پناہ سے محرومی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ درجنوں بچے روزانہ شہید ہو رہے ہیں اور ہزاروں بھوک، زخم اور خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ یہ ظلم بین الا قوامی قوانین، اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن اور بنیادی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کرے تا کہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس کے علاوہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے، انسانی ہمدردی کی تنظیمیں فوری طور پر فلسطینی بچوں کو خوراک، علاج اور پناہ فراہم کریں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان فلسطین کے مظلوم عوام اور معصوم بچوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اُن کی آزادی اور انسانی حقوق کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔