وزیراعظم سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے ملاقات کی ہے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے لیے جوہری توانائی کو فروغ دینے کے لیے IAEA کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم نے پائیدار ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران کینسر کی تشخیص اور علاج، زراعت، غذائی تحفظ، پانی کے انتظام اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بطور رکن IAEA کئی دہائیوں پر محیط اس تنظیم کے ساتھ نتیجہ خیز اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو برقرار رکھا ہے۔ IAEA کے تعاون سے پاکستان نے جوہری توانائی کی پیداوار، صنعتی ترقی، صحت کی دیکھ بھال، زرعی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
وزیراعظم نے پرامن مقاصد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے IAEA کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل IAEA نے پاکستان کے دیرینہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ آئی اے ای اے پاکستان کے ساتھ اسی جذبے سے کام کرتا رہے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جوہری توانائی پاکستان کے کے لیے
پڑھیں:
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم کا پیغام
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ۔ صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اور اُن اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم ایسے تمام اقدامات کریں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی موثر تفتیش، انصاف کی فراہمی، اور ان جرائم کے مرتکبین کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں، آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔