عالمی سطح پر بھارت کو بطور دہشتگرد ریاست دیکھا جا رہا ہے: صدر آزاد کشمیر
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اب دفاعی پوزیشن میں آ چکا ہے اور عالمی سطح پر اسے ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر شناخت کیا جا رہا ہے۔
بریڈ فورڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنماؤں کے قتل نے نریندر مودی کی حکومت کی بربریت کو بے نقاب کر دیا ہے، جس کے باعث بھارت کا سیکولر اور جمہوری چہرہ مسخ ہو کر رہ گیا ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آج یہ بات دنیا کے سامنے آ چکی ہے کہ نظریہ پاکستان صرف ایک وقتی ضرورت نہیں تھا بلکہ یہ ایک حقیقی نظریہ تھا، کیونکہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ اسلامی ثقافت اور مسلمانوں کے وجود کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کی انتہا پسندی کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
عالمی برادری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرے، حریت کانفرنس
حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرے اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ استصواب رائے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قبضے سے آزادی کا ان کا مطالبہ منصفانہ، جائز اور ناقابل تنسیخ ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی جبر کے باوجود تحریک آزادی کشمیر جاری ہے کیونکہ یہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے اور اس نے ایک جائز مقصد کے طور پر عالمی سطح پر اپنی ایک پہچان بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی واضح طور پر توثیق کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ منہاس نے فالس فلیگ آپریشنز اور پروپیگنڈے کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑ کر اسے بدنام کرنے کی بھارت کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے ناکام ہو کر رہیں گے۔ حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرے اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ استصواب رائے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔