بانی پی ٹی آئی آرمی چیف کو دو خط لکھ چکے تھے اور اب تیسرا خط بھی کھڑکا ڈالا ہے۔ پہلے دونوں خطوط پر جس طرح کا رد عمل آیا اس کے باوجود بھی تیسرا خط لکھنے کا مقصد کیا ہے ۔ اس پر بھی بات ہو گی لیکن پہلے دیگر خطوط کا مختصر ذکر ہو جائے ۔ گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کی سیاست میں خطوط کا بڑا ذکر ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز نے تو پہلے بھی خط لکھا تھا اور انہی چھ میں سے پانچ محترم ججز نے اب پھر خط لکھا لیکن اس مرتبہ سپریم کورٹ کے چار ججز نے بھی چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔ یہ تمام خطوط چونکہ محترم ججز کی جانب سے لکھے گئے ہیں اس لئے ان کے ذکر میں تھوڑا محتاط رہنا ہوتا ہے لیکن جو بھی ہے ان کا مقصد عدلیہ کا وقار نہیں بلکہ سیاست ہی تھا ۔ ان تمام خطوط نے پاکستان کے سیاسی ماحول کو دو چار دن کے لئے تھوڑا گرم ضرور کیا لیکن ان تمام خطوط سے پاکستان کی سیاست یا عدالتی ماحول میں رتی بھر فرق نہیں پڑا بلکہ جس جس نے یہ خط لکھے انھیں اس قدر موثر اور مدلل جواب دیئے گئے کہ جن امور پر خطوط لکھے گئے اور ان میں جن امور کا ذکر تھا ان پر جو اختلاف رائے تھا اسے ختم کرنے میں بھی مدد ملی اور نہ صرف مدد ملی بلکہ ان خطوط کی وجہ سے پاکستان کی سیاست اور عدالت دونوں جگہ ماحول کو خراب کرنے اور انتشار پیدا کرنے کی جو کوشش کی گئی تھی اس کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا ۔ اب بات کرتے ہیں کہ تیسرے خط کی ۔ بانی پی ٹی آئی نے طے کر رکھا ہے کہ انھوں نے ہر وہ کام کرنا ہے کہ جس پرمنفی ہونے کی چھاپ لگے ۔ اب یہی دیکھ لیں کہ انھوں نے تیسرے خط میں بھی چھ پوائنٹس لکھے ہیں اور جنھیں تاریخ کا پتا ہے انھیں بخوبی علم ہے کہ یہ 6پوائنٹس شیخ مجیب الرحمن کے تھے اور ان چھ پوائنٹس کا تعلق سقوط ڈھاکہ سے ہے ۔ اب یہ تو طے تھا کہ اس خط کا حشر بھی وہی ہو گا کہ جیسا اس سے پہلے دو خطوں کا ہوا ہے لیکن شومئی قسمت کہ اس تیسرے خط کا جو حشر ہوا اور پھر اس حشر کو میڈیا میں جس طرح نشر کیا گیا تو دنیا پہلے دو خطوں کا جو ون ٹو کا فور ہوا تھا اسے بھول گئی ۔
ایک تقریب میں رخصت ہوتے ہوئے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں مختصر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ انھیں بانی پی ٹی آئی کا خط نہیں ملااور اگر ملا بھی تو وہ پڑھیں گے نہیں بلکہ اسے وزیر اعظم کو بھجوا دیں گے ۔ آرمی چیف نے جو کچھ کہا اس کا ایک ایک لفظ آئین اور قانون کے مطابق تھا اور حیرت ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کا راگ الاپنے اور دن رات اس پر آنسو بہانے والے عمران خان آئین اور قانون کے بر خلاف آرمی چیف کو تیسرا خط لکھ رہے ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی کا اس حوالے سے جو موقف ہے بحث سے بچنے کے لئے ہم اسے من و عن تسلیم کر لیتے ہیں کہ یہ حکومت واقعی بے بس ہے اور تمام اختیارات اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہیں تو سوال یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس طرح آرمی چیف کو خط لکھ کر اور انھیں بار بار منت کر کے کہ آشیر باد ان کے سر پر رکھ کر انھیں حکومت میں لایا جائے کیا اس طرح وہ اسٹیبلشمنٹ کو کمزور کر رہے ہیں یا انھیں مزید طاقتور بنا رہے ہیں ۔ جو بات بانی پی ٹی آئی کر رہے ہیں کیا اس کھلی ڈھلی حقیقت کا ادراک شہید بینظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کو نہیں تھا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ساٹھ ہزار کوڑے جیلیں پھانسیاں اور ہر طرح کا ظلم برداشت کر لیا لیکن جنرل ضیاءکے آگے اس طرح رحم کی اپیلیں کر کے ہاتھ نہیں پھیلائے اور اسی طرح مشرف دور میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے اس طرح کا رویہ نہیں اپنایا اور ایک آمر سے بار بار منتیں کرنے کی بجائے آ پس میں سیاسی قوتوں نے مل کر میثاق جمہوریت جیسی اہم ترین دستاویز پر دستخط کئے اور یہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی طاقت تھی کہ جس نے اس جنرل مشرف کو جس کا تکیہ کلام تھا کہ ” نو بی بی نو بابو “ اسے مجبور کیا کہ وہ خود چل کر بی بی شہید کے پاس جا کر این آر او کرے اور میاں صاحب کو وطن واپس آنے کی اجازت دے ۔ اگر اس دور میں سیاسی جماعتیں متحد ہونے کی بجائے منتشر رہتی تو مشرف دباﺅ میں آتا اور نہ ہی حالات پھر اس موڑ تک پہنچتے کہ جہاں پر پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک آمر کو کہ جو58ٹو بی کی طاقت سے لیس تھا اسے ایک گولی چلائے بغیر منصب صدارت سے مستعفی ہونے پر مجبور کیا جا سکتا ۔
بانی پی آئی اگر یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی طاقت نہیںہے اور اسٹیبلشمنٹ ہی اس ملک میں اصل طاقت ہے تو اگر وہ آئین اور قانون کی بالادستی پر صدق دل سے یقین رکھتے ہیں اس کا طریقہ یہ تو بالکل بھی نہیں ہے اس لئے کہ جو طریقے آپ اپنا رہے ہیں اس میں تو آپ اسٹیبلشمنٹ کو مزید طاقتور اور سیاست دانوں کو کمزور سے کمزور تر کر رہے ہیں اور آپ کا مقصد کہیں نظر نہیں آتا کہ آپ آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں بلکہ آپ تو اپنے طرز سیاست سے انھیں مزید توانا کر رہے ہیں اور فقط یہ چاہتے ہیںکہ وہ دوسروں کی بجائے آپ کے سر پر آشیر باد کا ہاتھ رکھ دیں ۔ آپ اگر صدق دل سے آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں تو اسٹیبلشمنٹ کو خطوط لکھنے اور ان کی چاپلوسی کرنے کی بجائے سیاسی قوتوں سے رابطہ کریں اور ان سے اتحاد کر کے انھیں طاقت ور کریں لیکن آپ ایسا کبھی نہیں کریںگے اس لئے کہ آپ کو اسٹیبلشمنٹ کی طاقت یا آئین اور قانون کی بالادستی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ آپ صرف اپنے مفاد کی خاطر یہ سب کر رہے ہیں لیکن تیسرے خط پر آرمی چیف کے رد عمل نے اتنا ضرور بتا دیا کہ اب ملکی سیاست میں انتشار کی بجائے استحکام کے دن شروع ہو چکے ہیں اور سازشی عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔
ذریعہ: Nai Baat
کلیدی لفظ: آئین اور قانون کی بالادستی بانی پی ٹی آئی پاکستان کی کر رہے ہیں تیسرے خط آرمی چیف کی بجائے کی سیاست ہیں اور خط لکھ اور ان
پڑھیں:
’مدرسے کے ظالموں نے میرے بچے کو پانی تک نہیں دیا‘: سوات کا فرحان… جو علم کی تلاش میں مدرسے گیا، لیکن لاش بن کر لوٹا
مدین(نیوز ڈیسک) مدین کے پہاڑوں سے اُٹھنے والی ایک معصوم آواز، چودہ سالہ فرحان… جسے والدین نے دین کی روشنی کے لیے سوات کے چالیار مدرسے بھیجا، واپس آیا تو ایک بےجان جسم تھا، چہرے پر نیلے نشانات، کمر پر تشدد کے زخم، اور آنکھوں میں زندگی کے بجائے سناٹا تھا۔
تین دن پہلے پیش آنے والا یہ لرزہ خیز واقعہ آج بھی والد ایاز کے لفظوں میں سسک رہا ہے۔ فرحان کے والد نے بتایا، ’میں نے مہتمم صاحب سے ویڈیو کال پر بات کی، کہا کہ بچہ شکایت کر رہا ہے، تکلیف میں ہے… مگر مہتمم نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔‘
والد کے مطابق، شام ساڑھے چھ بجے دوبارہ رابطہ ہوا۔ مہتمم نے اطمینان سے کہا، ’بچہ ٹھیک ہے، خوش ہے۔‘ باپ نے دل کو تسلی دی کہ شاید بیٹے کا دل لگ گیا ہے، مگر اسی وقت وہ بچہ کسی کونے میں ظلم کے پنجوں میں تڑپ رہا تھا۔
ایاز کہتے ہیں، ’میں نے کہا بچہ تھوڑی بہت چھیڑ چھاڑ کرتا ہے، مگر پھر سنبھل جاتا ہے… شاید اسی وقت اُن درندوں نے اُسے مار ڈالا تھا۔‘ آنکھوں میں نمی اور آواز میں درد لیے وہ بولے، ’میرے فرحان کو پانی تک نہیں دیا گیا… وہ پیاسا مار دیا گیا!‘
فرحان کے چچا نے جب مہتمم کو فون پر بتایا کہ بچے نے ناپسندیدہ رویے کی شکایت کی ہے، تو مہتمم نے قسمیں کھا کر سب الزامات جھٹلا دیے۔ چچا کے مطابق، ’مہتمم کا بیٹا بھی قسمیں کھا رہا تھا… وہی جس پر میرے بھتیجے کو نازیبا مطالبات کرنے کا الزام ہے۔‘
یہ محض ایک بچے کی موت نہیں، ایک خواب کی، ایک نسل کی، اور والدین کے یقین کی موت ہے۔ تین سال سے فرحان اس مدرسے میں تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ ہر ماہ پانچ ہزار روپے دے کر والدین یہ سمجھتے رہے کہ ان کا بیٹا دین سیکھ رہا ہے۔ مگر مدرسے کی چھت تلے وہ ظلم سیکھ رہا تھا، مار سہہ رہا تھا، اور آخرکار خاموشی سے دم توڑ گیا۔
پولیس نے دو اساتذہ سمیت 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم مہتمم تاحال مفرور ہے۔ مدرسے کے طلبہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہاں مار پیٹ معمول کی بات ہے، اور کئی بچے خوف کے عالم میں جیتے ہیں۔ مقتول بچے کے نانا نے الزام عائد کیا ہے کہ فرحان سے جنسی خواہش کا تقاضا کیا جا رہا تھا، جس پر اُس نے مزاحمت کی۔
واقعے کے بعد خوازہ خیلہ بازار میں عوام کا جم غفیر نکل آیا۔ ہاتھوں میں فرحان کی تصویر، زبان پر ایک ہی نعرہ — ”قاتلوں کو سرعام پھانسی دو!“
ضلعی انتظامیہ نے مدرسے کو سیل کر دیا ہے، مگر سوال اب بھی باقی ہے — کتنے فرحان، کتنی ماؤں کی گودیں، کتنے والدوں کی امیدیں، اس نظام کے درندوں کی بھینٹ چڑھیں گی؟
یہ صرف فرحان کی کہانی نہیں… یہ ہر اُس معصوم کی کہانی ہے جو تعلیم کے نام پر کسی وحشی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔
Post Views: 3