نواز شریف کا معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف ملنے کی امید کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کاکہنا ہے کہ ملک کی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے اور عوام کو جلد مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ تعمیراتی کام ایک بار پھر شروع ہو چکے ہیں اور عالمی مالیاتی ادارے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی محنت اور جانفشانی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ترقی کا تسلسل برقرار رہتا تو آج پاکستان خطے اور دنیا میں کہیں آگے ہوتا، ماضی کی رکاوٹوں اور سیاسی عدم استحکام نے ملک کو نقصان پہنچایا، لیکن اب معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے۔
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کو عوامی خدمت اور ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ صرف بغض، حسد، بدتمیزی اور بدتہذیبی میں مصروف ہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مزید مستحکم ہوگی، عوام کو جلد مزید ریلیف دیا جائے گا تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے۔
سابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہو رہی ہے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
معیشت کی ترقی کیلئے کاروباری طبقے کے مسائل کا حل ضروری ہے: ہارون اختر خان
ہارون اختر خان — فائل فوٹووزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا کہنا ہے کہ معیشت کی تیز رفتار ترقی کے لیے کاروباری طبقے کے مسائل کا حل ضروری ہے۔
وزیراعظم کے وژن کے تحت معیشت کو مستحکم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ہارون اختر خان نے کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا جہاں ان کی زیرِ صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کراچی چیمبر آف کامرس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
معاون خصوصی ہارون اخترخان نے کہا کہ وہ ان شااللّٰہ وزیراعظم كی امیدوں پر پورا اترنے كی كوشش كریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس نے بجٹ تجاویز پیش کیں، متعلقہ ادارے بجٹ تجاویز پر فوری کام شروع کریں۔
معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ کاروبار میں آسانی اور سہولتوں کی فراہمی وزارت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام اور سرمایہ کاری میں اضافہ وزیرِ اعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔