اب میٹرک امتحانات کیلئے منفرد رول نمبر سلپس ملیں گی
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) میٹرک امتحانات کے لئے کیو آر کوڈ والی رولنمبر سلپس تیار کر لی گئیں۔لاہور بورڈ نےجعلی امیدواروں کا کمرہ امتحا ن میں داخلہ روکنے کے لئے شکنجہ تیار کر لیا،کیو آر کوڈ سے امتحانی سنٹر میں جعلی امیدواروں کی شناخت آسان ہوگی۔ موبائل کے ذریعے بھی کیو آر کوڈ کو چیک کیا جا سکے گا ،نئی ٹیکنالوجی سے نقل اور جعلی امیدواروں کی روک تھام میں مدد ملے گی، لاہور بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز4مارچ سے ہو گا، میٹرک امتحانات میں2لاکھ56ہزار بچے شرکت کریں گے۔لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس جعلی امتحان دینے والے82امیدوروں پر3سال کی پابندی لگائی ہے ، جعلی امیدواروں کے خلاف بھی قانون کے مطابق مقدمات اور کارروائی کی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:یوٹیلیٹی اسٹورز سے ملازمین کی برطرفی، مذاکرات کا پہلا دور ناکام
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: جعلی امیدواروں
پڑھیں:
بہاولپور بورڈ؛ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی طالبہ کی میٹرک میں شاندار کامیابی
بہاولپور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی طالبہ نے شان دار رزلٹ حاصل کرتے ہوئے اپنے اساتذہ اور والدین کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
صادق آباد سٹی کی رہائشی اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ بھارتی کنا رام نے اس قول کو سچ کر دکھایا ہے کہ ارادے مضبوط ہوں تو راستے خودبخود بنتے چلے جاتے ہیں ۔ بہاولپور تعلیمی بورڈ کے میٹرک امتحانات میں بھارتی نے 1100 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن اپنے نام کی اور اپنے والدین سمیت پوری برادری اور علاقے کا نام روشن کر دیا۔
بھارتی کے والد پیشے کے لحاظ سے جوتے پالش کرتے ہیں، مگر ان کا خواب بڑا تھا ۔ وہ اپنی بیٹی کو پڑھا لکھا کر ایک مقام پر دیکھنا چاہتے تھے۔ دن رات کی محنت، مشقت اور قربانیوں سے انہوں نے یہ خواب پورا کیا۔ اپنی محدود آمدن کے باوجود انہوں نے بھارتی کو تعلیم سے دور نہ ہونے دیا اور آج ان کی بیٹی کی کامیابی ان کے لیے سب سے بڑا انعام ہے۔
بھارتی کا کہنا ہے کہ اُسے بچپن سے ہی پڑھنے لکھنے کا شوق تھا اور اس نے تعلیم کو اپنی منزل بنا لیا۔ اُس کی محنت، لگن اور استقامت نے وہ کر دکھایا جو شاید بہت سے وسائل رکھنے والے بھی نہ کر پائیں۔
بھارتی نے کہا میری کامیابی والدین کی دعاؤں اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ میرا خواب ہے کہ آگے چل کر ملک و قوم کا نام روشن کروں۔
طالبہ کی کامیابی کے موقع پر اس کے بھائیوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنی بہن کو خراج تحسین پیش کیا جب کہ پورے محلے اور برادری میں جشن کا سماں ہے۔
بھارتی کی شاندار کامیابی پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کنا رام نے اپنی کمیونٹی اور صوبے کا نام روشن کیا ہے۔ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے اور بھارتی کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر موقع دیا جائے تو ہمارے نوجوان کسی سے کم نہیں۔
یہ کامیابی صرف ایک طالبہ کی نہیں، بلکہ امید کا وہ چراغ ہے جو سیکڑوں وسائل سے محروم بچوں کے دلوں کو بھی جلا بخشتا ہے۔