چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے وزیراعظم سے نظام انصاف میں بہتری کیلئے تجاویز مانگ لیں
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف سے نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس ہاؤس میں جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے چیف جسٹس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے چیف جسٹس کے دور دراز علاقوں کے دوروں کو سراہا جبکہ انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی بھی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ملکی معاشی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی اور مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے چیف جسٹس سے زیرالتوا ٹیکس کیسز کے میرٹ پر جلد فیصلوں کی استدعا کی جبکہ چیف جسٹس نے وزیراعظم سے نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مانگیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے نظام انصاف کی بہتری کیلئے وزیراعظم کی گفتگو کا خیرمقدم کیا گیا اور وزیراعظم کی جانب سے چیف جسٹس کو لاپتہ افراد سے متعلق اقدامات میں تیزی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔
ملاقات میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ ، احد چیمہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، رجسٹرار سپریم کورٹ سلیم خان اور سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن تنزیلہ صباحت بھی موجود تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: سے نظام انصاف چیف جسٹس
پڑھیں:
چیف جسٹس سپریم کورٹ کا ضلع و سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی شہادت پر اظہار افسوس
چیف جسٹس آف پاکستان نے ضلع و سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے پاکستان کی عدلیہ کی جانب سے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ضلع و سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی اہلکار مستونگ میں دورانِ ڈیوٹی دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے تھے۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ اس ناقابلِ تلافی سانحے پر سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
مزید پڑھیںمستونگ: قومی شاہراہ پر فائرنگ، سیشن جج گن مین سمیت شہید، ایڈیشنل سیشن جج سمیت 2 افراد شدید زخمی
چیف جسٹس آف پاکستان نے زخمی ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی جلد صحت یابی کی دعا کی جبکہ شہداء سے اظہارِ عقیدت اور بلوچستان کی ضلعی عدلیہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے 25 جولائی کو شیڈول جوڈیشل ویلبیئنگ کانفرنس مؤخر کر دی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا پاکستان کی عدلیہ بلاخوف و خطر انصاف کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے، تشدد اور دہشت گردی کے واقعات قانون کی حکمرانی کے لیے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عدلیہ ہر حال میں انصاف کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔