مارکیٹ میں چھاپہ مار کارروائیاں، دکانداروں کو ہراساں نہ کیاجائے
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کیڈا) کے صدر رضوان عرفان، چیئرمین ریگل ایریا سفیر بٹ، اور چیئرمین عبداللہ ہارون روڈ فاروق اے بی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساؤتھ مجاہد اکبر سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں حالیہ دنوں مارکیٹ میں ہونے والی چھاپہ مار کارروائیوں، دوکانداروں کو ہراساں کرنے، اور تاجروں کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اداروں کو تاجروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے مجاہد اکبر نے تاجروں کے مسائل غور سے سنے اور فوری طور پر ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں، انہوں نے کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان کو ایک فوکل پرسن مقرر کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی، تاکہ مستقبل میں تاجروں کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔تاجروں نے ایف آئی اے کی جانب سے مثبت ردعمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے مارکیٹ میں کاروباری ماحول بہتر ہوگا اور اداروں اور تاجروں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: تاجروں کے
پڑھیں:
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی غیر قانونی کال سینٹرز کیخلاف بڑی کارروائیاں
اسلام آباد:نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے ملک بھر میں جاری ’’آپریشن گرے‘‘کے تحت غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ایک ماہ سے جاری اس مربوط مہم کے دوران اب تک 93 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ 12 غیر قانونی کال سینٹرز کو سیل کر دیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق حالیہ کارروائی میں 6 غیر ملکی باشندوں اور 3 مقامی سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جو ایک منظم سائبر فراڈ اور ڈیجیٹل منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک غیر قانونی منافع کو بین الاقوامی ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے پاکستان سے باہر منتقل کر رہا تھا، جس سے نہ صرف مالی نقصان ہو رہا تھا بلکہ سکیورٹی خدشات بھی پیدا ہو رہے تھے۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ادارہ سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دھوکا دہی، جعلی کالز اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی بھی ملزم کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشکوک کالز، آن لائن فراڈ یا ڈیجیٹل لین دین میں کسی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ادارے کو دیں تاکہ ایسے جرائم کو روکا جا سکے اور ڈیجیٹل اسپیس کو محفوظ بنایا جا سکے۔