آئندہ کسی بچے کے ساتھ ایسا نہ ہو، کراچی کے حالات پر دھیان دیں، ابراہیم کے دادا کی میئر سے گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
میئر کراچی مرتضی وہاب نے نیپا چورنگی میں کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے تین سالہ ابراہیم کے دادا اور والد سے ملاقات کر کے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی ، پیپلزپارٹی رہنماؤں کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں متوفی ابراہیم کے گھر پہنچے اور والد و دادا سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی جس کے بعد میئر کراچی میڈیا سے گفتگو کے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔
مرتضیٰ وہاب کی روانگی کے بعد دادا محمود الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میئرکراچی نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور ہمیں متعلقہ افسران کیخلاف لیے گئے ایکشن کے حوالے سے بھی بتایا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے باعث کچھ افسران کومعطل کیا گیا ہے، مئیرکراچی کی یقین دہانی پراطمینان ہے اورہم نے مئیرکراچی سے مطالبہ کیاکہ آئندہ کسی بچے کے ساتھ ایسانہ ہو۔
دادا کا کہنا تھا کہ ہم نےان سے کہا کراچی کےحالات پرھیان دیں اور تھوڑا شہر کے بارے میں بھی سوچیں۔ محمود الحسن نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے بھی میئر نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ میں نے ابراہیم کی لاش برآمد ہونے کے حوالے سے کوئی ایسا دعویٰ نہیں کیا کہ اسے کے ایم سی نے نکالا البتہ میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی یقین دہانی کہا کہ
پڑھیں:
کراچی: بچے کے گٹر میں گرنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ تیار
—فائل فوٹوکراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کے گٹر میں گرنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ کے ایم سی نے سیکریٹری محکمہ بلدیات کو بھجوا دی ہے۔
سینئر ڈائریکٹر میونسل سروسز عمران راجپوت کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا۔
رپورٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی، معائنے میں ثابت ہوا حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں، بی آر ٹی کھدائی نے نالے کا پورا نکاسی نظام شدید نقصان پہنچایا۔
عارضی دو فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی، ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہول کھلا رہنے سے سانحہ ہوا، یہ طریقہ کار اور غیرمعیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کیے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں بچے کے پیچھے والدہ کو بھی آتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا، کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتِ حال کو نظر انداز کیا، نجی اسٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ وجہ سے بچہ گٹر میں گرا، افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیے گئے۔
واضح رہے کہ اتوار کی شب 10 بجے کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب واقع ڈپارٹمیٹل اسٹور سے 3 سالہ بچہ ابراہیم والدین کے ہمراہ نکل کر مین ہول پر کھڑا ہو گیا تھا جس کا ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے عارضی طور پر اسے گتے کی مدد سے بند کیا گیا تھا۔
اس موقع پر گتہ بچے کا وزن برداشت نہ کر سکا جس کے بعد ابراہیم مین ہول میں گر کر لاپتہ ہوگیا تھا، کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش 15 گھنٹے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے ملی تھی۔