جنرل ساحر شمشاد مرزا کا جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں الوادعی تقریب سے خطاب
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
ہمارے ارد گرد کی دنیا ایک ناقابل تصور رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے، جنرل ساحر شمشاد مرزا - اسکرین گریب
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا 3 سال عہدے پر رہنے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی الوادعی تقریب سے خطاب کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ہمارے ارد گرد کی دنیا ایک ناقابل تصور رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے، اس تبدیلی سے ہماری اندرونی اور بیرونی آزمائشوں پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اثرات ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر جنگ تک محیط ہیں، ان حالات میں ہماری مسلح افواج کو زیادہ ہم آہنگی، مشترکہ تعاون اوریکسوئی کے ساتھ تیار رہنا ہوگا۔
27ویں ترمیم کے تحت ان کی سبک دوشی کے ساتھ ہی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ بھی ختم ہو گیا ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو اہم ضرورت سمجھتا ہوں ناکہ ایک خواہش، یہ مستقبل کے چینجلز کا سامنا کرنے کے لیے ایک ناگزیر تنظیمی اصلاح ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ایک مکمل بااختیار اور مناسب صلاحیت سے لیس مسلح افواج، نظام کے لیے ایک عملی ضرورت ہے، ہماری افواج کو مربوط حکمت عملی سے مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تینوں افواج بالخصوص جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر کے لیے نیک تمنائیں اور دعائیں ہیں، یہ ڈھانچہ جس طرح بھی قائم کیا جائے اسے اپنی نئی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور عزم کے ساتھ پورا کرنا چاہیے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی فیلڈ مارشل سے الوداعی ملاقات
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزانے آج جنرل ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایچ جے سے الوداعی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی شاندار قیادت، مثالی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اسٹریٹجک بصیرت اور پاک افواج کیلئے ان کی طویل خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنرل ساحر کی قیادت میں تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی مضبوط ہوئی، مشترکہ آپریشنل تیاریوں میں اضافہ ہوا اور قومی سلامتی کے اسٹریٹجک اہداف کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں استحکام، عسکری سفارت کاری اور دوست ممالک کے ساتھ دفاعی روابط کو مضبوط بنانے میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے کیریئر کے دوران ملنے والے تعاون پر آرمی چیف اور پاک افواج کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔