چیمپئنز ٹرافی: دو روایتی حریفوں میں کرکٹ کی جنگ، میدان سجنے میں چند گھنٹے باقی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
دبئی (نیوز ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دنیائے کرکٹ کا بڑا ٹاکرا شروع ہونے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ آج دبئی میں کھیلا جائیگا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دوبجے شروع ہو گا، امارات کے صحراؤں میں چھکوں ، چوکوں کی برسات ہوگی، دونوں ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا۔
میگا ایونٹ میں آگے جانے کیلئے شاہینوں کے پاس آخری چانس ہے، بھارت سے ہارنے کی صورت میں پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی میں سفر تمام ہو جائے گا۔
روایتی حریف سے نمٹنے کیلئے قومی ٹیم نے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں جم کر پریکٹس کی ، فیلڈنگ ، باؤلنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کیں، بابر اعظم کو فلو ہو گیا اس لیے وہ پریکٹس سیشن میں شریک نہ ہوئے۔
بھارت کیخلاف میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے دوران انجرڈ ہونے والے اوپنر بلے باز فخر زمان کی جگہ امام الحق کو بھارت کیخلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، اس میگا ایونٹ میں پاک بھارت ٹیمیں 5 بار مدمقابل آئیں،شاہینوں نے 3 جبکہ بھارت نے 2 میچز میں فتح سمیٹی ،ون ڈے کرکٹ میں بھی شاہینوں کو بھارتی سورماؤں پر واضح برتری حاصل ہے،دونوں ٹیمیں ایک روزہ کرکٹ میں 135 بار آمنے سامنے آئیں، پاکستان 73 جبکہ بھارت 57 میچوں میں کامیاب رہا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے دبئی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور قومی کرکٹرز سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہاریں یا جیتیں ہم ٹیم کیساتھ ہیں۔
دوسری جانب پاک بھارت میچ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے، شائقین کرکٹ کو اس بڑے ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار ہے، شہریوں نے شاہینوں سے بڑی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی
پڑھیں:
ایک مرتبہ پھر کھیل میں سیاست لے آیا۔پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے انکار
بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی حکومتی ایما پر ایک مرتبہ پھر کھیل میں سیاست لے آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ وادی کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگرد حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے حکومتی دباؤ پر پاکستان سے کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعہ اور موجودہ سفارتی تعلقات کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کسی بھی سطح پر کرکٹ میچز منعقد نہیں کیے جائیں گے۔بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی مسائل کے سبب پاکستان کیساتھ کسی بھی قسم کی کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں بھی پاک بھارت میچز پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔گزشتہ روز بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ وادی کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگرد حملہ ہوا جس میں 26 سیاحوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، واقعہ کی تحقیقات کیے بغیر ہندوستان نے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرادیا اور بورڈ نے حکومتی ایما پر کرکٹ کھیلنے سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب بھارتی بورڈ کے بیان کے بعد ایشیاکپ اور چیمپئینز ٹرافی جیسے ٹورنامنٹس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ادھر بھارتی بورڈ کے یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2012 میں آخری بار ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی جس کے بعد سے دونوں ٹیمیں محض آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں۔