سندھ کی جیلوں کے ٹھیکے ، ڈھائی ارب کی بے ضابطگیاں
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
کھانے ،ادویات، کپڑوں اور فرنیچر کی فراہمی کے ٹھیکوں کی تحقیقات کا حکم
جیل حکام پی اے سی اور آڈٹ کو اشیاء کی خریداری پر مطمئن نہیں کر سکے
سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کو کھانے ، ادویات، کپڑوں اور فرنیچر کی فراہمی کے ٹھیکوں میں دو ارب 45 کروڑ 61 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نثار کھوڑو کی صدارت میں کمیٹی روم میں ہوا جس میں سینٹرل جیل کراچی سمیت دیگر جیلوں میں قیدیوں کو کھانے ،ادویات، کپڑوں اور فرنیچر کی فراہمی کے ٹھیکوں میں دو ارب پینتالیس کروڑ اکسٹھ لاکھ روپے بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا۔ آئی جی جیلز قاضی نظیر احمد نے بتایا کہ قیدیوں کو کھانے کی فراہمی سمیت ادویات فرنیچر اور کپڑوں اور دیگر اشیاء کی خریداری میں دو ارب پینتالیس کروڑ خرچ کئے گئے ۔ جس کا باضابطہ ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔ جیل حکام پی اے سی اور آڈٹ کو قیدیوں کو کھانے کی فراہمی سمیت دیگر اشیاء کی خریداری سے متعلق مطمئن نہیں کر سکے ۔ پی اے سی نے سیکریٹری داخلہ سندھ کو قیدیوں کے کھانے سمیت دیگر اشیاء کی خریداری کی مد میں دو ارب پینتالیس کروڑ سے زائد کی رقم خرچ کرنے اور فنڈز کے غلط استعمال کے معاملے کی تحقیقات کرکے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کہ ہدایت کردی۔ پی اے سی نے سندھ بھر کے جیلوں کی انٹرنل آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کردی۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
گوجرانوالہ: زہریلے پاپڑ کھانے سے ایک بھائی چل بسا، دو کی حالت تشویشناک
صوبۂ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں مضرِ صحت پاپڑ کھانے سے تین بھائیوں کی حالت خراب ہو گئی۔
اہلِ خانہ کے مطابق بچوں نے محلے کی دُکان سے پاپڑ خرید کر کھائے تھے، پاپڑ کھانے کے بعد بچوں کی حالت بگڑی۔
ریسکیو کے حکام کے مطابق اسپتال میں ایک بچہ دورانِ علاج دم توڑ گیا ہے جبکہ دو کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو کے حکام کے مطابق بچوں کی عمریں چار سے آٹھ سال کے درمیان ہیں۔