نیویارک سٹی: پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کے ساتھ 22 کروڑ ڈالر کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
ویب ڈیسک — نیویارک سٹی کی انتظامیہ نے پاکستان کی قومی ایئر لائن ‘پی آئی اے’ کے روز ویلٹ ہوٹل کے ساتھ 22 کروڑ ڈالر کی لیز کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیاہے۔ یہ ہوٹل پناہ کے خواہش مند افراد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا اور ٹرمپ حکومت نے اس معاہدے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم "روز ویلٹ ہوٹل میں مہاجرین کی پناہ گاہ اور ہیومینیٹرین ریسپانس اینڈ ریلیف سینٹر بند "کرنےکا عمل شروع کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کی نیویارک آمد کی تعداد میں مسلسل کمی کے پیشِ نظر یہ سہولت ختم کی جارہی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شینسی (ڈوج) کے سربراہ ایلون مسک نے بھی اس معاہدے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ‘اے پی پی’ کے مطابق کرونا وبا کے دوران 2020 میں یہ ہوٹل خسارے میں ہونے کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم تین برس بعد بائیڈن حکومت نے اسے مہاجرین کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے کے لیے 22 کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔
جون 2023 میں اُ س وقت کے پاکستان کے وزیرِ ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے بتایا تھا کہ معاہدے کے تحت ہوٹل کے تمام کمرے شہری انتظامیہ کو لیز پر دیے جا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کی وجہ سے ہوٹل پر دو کروڑ ڈالرز قرض تھا اور اس معاہدے سے ہوٹل کا قرض اُتارنے سمیت قومی خزانے کو بھی فائدہ ہو گا۔
روز ویلٹ ہوٹل کی ویب سائٹ کے مطابق پی آئی اے نے یہ ہوٹل 1979 میں لیز پر حاصل کیا تھا اور 1999 میں تین کروڑ 65 لاکھ ڈالر کے عوض خرید لیا تھا۔ اِس وقت اس ہوٹل کی مالیت کروڑوں ڈالر بتائی جاتی ہے۔
آرام دہ قیام کی سہولتوں سے آراستہ یہ ہوٹل نیو یارک شہر کے مشرق میں میڈیسن ایونیو اور 45 ویں اسٹریٹ پر اقوامِ متحدہ کی عمارت سے کچھ گلیوں کے فاصلے پر قائم ہے جب کہ شہر کا جگمگاتا ٹائم اسکوائر بھی اس ہوٹل کے قریب واقع ہے۔
چوں کہ یہ مین ہیٹن کے پر رونق حصے میں قائم ہے اس لیے بھی یہ سیاحوں اور سفارت کاروں کے لیے پرکشش قیام گاہ کے طور پر مشہور ہے۔ ہوٹل کا افتتاح 1924 میں ہوا تھا۔
لکڑی کے فرنیچر سے سجے ایک ہزار 25 کشادہ کمروں پر مشتمل یہ ہوٹل شروع سے ہی کئی سیاسی اور کاروباری شخصیات کی قیام گاہ اور توجہ کا مرکز رہا ہے۔ خصوصاً اس کے 52 کشادہ فلیٹ نما کمرے بھی اس کی اہمیت میں اضافہ کرتے ہیں۔
ان کمروں کے علاوہ ایک صدارتی اپارٹمنٹ بھی ہے جو چار کمروں، ایک باورچی خانے، ایک علیحدہ بیٹھک اور ڈائننگ روم پر مشتمل ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کاکل کی ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل کی ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہڑتال کی کال مؤخر کردی، حکومت نے پیٹرول ڈیلرز کا مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، حکومتی یقین دہانی پر احتجاج کی کال مؤخر کرتے ہیں۔سیکرٹری اطلاعات پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن ندیم خان نے کہا کہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہمارے مطالبات پورے کیے جائیں گے، امید ہے کہ دو ہفتوں میں پمپس اونرز کے کمیشن کامعاملہ حل ہوجائے گا، یومیہ نرخ کا نظام بھی دو ہفتے ٹرائل بیسز پر چلانے کا کہا گیا ہے۔
پاکستانی تاجروں نے چین کو 60ہزار ٹن چاول برآمد کرنے کے آرڈرز حاصل کرلئے
مزید :