کراچی: پریڈی تھانے پر کریکر دھماکا، تین پولیس اہلکار زخمی
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
کراچی:
ساؤتھ زون کے پریڈی تھانے پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، واقعہ میں 3 پولیس اہلکار کریکر کے ٹکڑے اور چھرے لگنے سے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دھماکے سے تھانے کے احاطے میں کھڑی ہائی روف وین اور کار کو نقصان پہنچا جبکہ دیواروں پر بھی کریکر پھٹنے کے نشانات پائے گئے ، واقعہ کے بعد تھانے کے گیٹ کو بند کر دیا گیا اور فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا گیا جو رات گئے تک شواہد اور کریکر کے ٹکرے جمع کرنے میں مصروف تھے۔
کریکر حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کی شناخت 45 سالہ ارشد ، 25 سالہ عامر اور 36 سالہ ریاض کے نام سے کی گئی جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، کورنگی میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، 1 زخمی
کراچی:شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں تنظیم فلور مل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں دو ملزمان مارے گئے جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے موقع سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور موبائل فونز برآمد کر لیے، زخمی ملزم اور ہلاک ڈاکوؤں کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے کریمنل ریکارڈ اور گروہ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔