دہشتگردی کے پیچھے غیرقانونی سپیکٹرم کی پشت پناہی مخصوص عناصر کرتے ہیں، آرمی چیف
اشاعت کی تاریخ: 2nd, March 2025 GMT
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے بہاولپور میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی سپیکٹرم ہے جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں۔ اتوار کو راولپنڈی میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری کیے گے بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اللہ کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے جس کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں کبھی بھی اپنے عقیدے، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کی بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی، اور یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تو کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی سپیکٹرم ہے جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔