پختونخوا حکومت کی ایک سالہ کارکردگی تمام صوبوں سے بہتر ہے، ترجمان کا دعویٰ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, March 2025 GMT
پشاور:
ترجمان کے پی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک سال کی کارکردگی دیگر صوبائی حکومتوں پر سبقت لے گئی ہے۔
اپنے بیان میں مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی کارکردگی مریم نواز کی طرح محض تصویری نمائش تک محدود نہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے مریم نواز کی 150 تصاویر کے مقابلے میں 625 ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز صرف اخبارات میں اپنی تصاویر شائع کروانے کو کارکردگی سمجھتی ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی کو کتابی شکل میں شائع کیا، جس میں ایک سال کے دوران 25 مختلف شعبوں کے 25، 25 نمایاں منصوبوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ایک سال میں علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے 625 منصوبے شروع کیے۔ مریم نواز اپنی ذاتی تشہیر سے نکل کر علی امین کی طرح عوامی فلاح کا سوچیں۔
انہوں نے کہا کہ فارم 45 اور فارم 47 کے وزیراعلیٰ میں یہی فرق ہوتا ہے۔ علی امین گنڈاپور حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پختونخوا حکومت خیبر پختونخوا مریم نواز حکومت نے
پڑھیں:
خیبر پختونخوا بار کونسل کے انتخابات میں ملگری وکیلان 13 نشستوں پر کامیاب
پشاور:پشاور میں خیبر پختونخوا بار کونسل کے 28 نشستوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق اے این پی سے وابستہ ملگری وکیلان نے برتری حاصل کرتے ہوئے 13 نشستیں اپنے نام کرلی ہیں۔
پشاور، مردان، صوابی، سوات اور کرک سے بھی ملگری وکیلان کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔
پشاور کی سات نشستوں میں سے ملگری وکیلان نے چار، انصاف لائرز فورم نے دو جبکہ ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق ملگری وکیلان کے حضر حیات نے سب سے زیادہ 926 ووٹ حاصل کیے جبکہ فضل واحد نے 893 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
انصاف لائرز فورم کی صوفیہ نورین نے 880 ووٹ اور علی زمان نے 875 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ملگری وکیلان کے رفیق مہمند نے 861 ووٹ حاصل کیے، جبکہ آزاد امیدوار محمد سعید 828 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ ملگری وکیلان کے بابر خان یوسفزئی نے بھی 792 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔
دیگر اضلاع میں بھی ملگری وکیلان نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ مردان، صوابی، سوات اور کرک سے ان کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
پیپلز لائر فورم کے سعید حکیم نے بونیر جبکہ حشمت نے ڈیرہ اسماعیل خان سے کامیابی حاصل کی۔ جمعیت لائر فورم کے فواد خان اور وقارالملک نے اپنی اپنی نشستوں پر میدان مار لیا۔ مسلم لائر فورم کے حمایت یافتہ محمد علی خان ایبٹ آباد سے کامیاب ہوئے، جب کہ چترال سے اسلامک لائر فورم کے اکرام حسین کامیاب قرار پائے۔ آزاد امیدواروں میں فدا گل آفریدی اور محمد سعید نمایاں رہے۔
صوبے بھر میں بار کونسل انتخابات کے نتائج کے مطابق اس بار ملگری وکیلان نے واضح برتری حاصل کی ہے جبکہ دیگر فورمز کو محدود کامیابیاں مل سکیں۔