کوئٹہ، سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس، وزیراعظم و آرمی چیف کی شرکت
اشاعت کی تاریخ: 13th, March 2025 GMT
اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ شدت پسندوں کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رکھیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد آج صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران شرکاء کو بلوچستان میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں اور جعفر ایکسپریس حملے سے متعلق حالیہ آپریشن کے کامیاب انعقاد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
شرکاء نے دہشت گردی کی تمام قسموں اور مظاہر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین و نمائندگان، وفاقی و صوبائی وزراء، سرکاری افسران اور کانفرنس کے شرکاء نے متفقہ طور پر جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور مختلف سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں سے بات چیت کے دوران وزیراعظم نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف سیاسی رہنماؤں اور نمائندگان کے عزم اور بلوچستان کے لئے جامع طویل المدتی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں و قانون سازی کے عزم کو سراہا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
بلوچستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر حملہ، 2 شہید
کوئٹہ:بلوچستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہل کاروں پر فائرنگ کی گئی، جس میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور لیویز کے اہل کاروں پر اچانک فائرنگ کردی، جس میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔ واقعہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پیش آیا، جہاں لیویز اہل کار پولیو مہم کے دوران بچوں کو ویکسین پلانےوالی ٹیم کی حفاظت کی ڈیوٹی پر تھے۔
لیویز حکام نے بتایا کہ شہید اہل کاروں کی لاشوں اور زخمی کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مایوس نہ ہوں، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔