غزہ پراسرائیلی فضائی بمباری, فلسطینی بچی عمارتی ملبے سے زندہ برآمد، ماں باپ، اور بھائی شہید
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
غزہ پراسرائیلی فضائی بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک ماہ کی بچی زندہ برآمد ہوئی ہے ۔جمعرات کو غزہ کے خان یونس میں ایک منہدم اپارٹمنٹ کی عمارت کی باقیات کو کھودا جا رہا تھا کہ امدادی کارکنوں کو اچانک ایک بچی کے رونے کی آواز سنائی دی، ملبے کو کافی دیر تک ہٹانے کے بعد وہاں ایک بچی ملی جو پوری طرح صحت مند تھی۔بچی کو ملبے سے نکالتے ہی اللہ اکبر، اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہو گئیں۔ بچی کو فوری کمبل میں لپیٹ لیا گیا اور ایمبولنس میں اسپتال پہنچایا گیا۔ پیرامیڈیکس نے اسے چیک کیا اور کہا کہ بچی پوری طرح صحت مند ہے۔اس کے والدین اور بھائی رات گئے اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔سول ڈیفنس کے اہلکار نے کہا کہ، جب ہم نے لوگوں سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ ایک ماہ کی ہے اور وہ صبح سے ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہے، وہ چیخ رہی تھی اور پھر وقتا فوقتا خاموش ہو جاتی تھی یہاں تک کہ ہم اسے باہر نکالنے میں کامیاب ہو گئے، اور خدا کا شکر ہے کہ وہ محفوظ ہے۔لڑکی کی شناخت ایلا اسامہ ابو دگہ کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ ایک سخت جنگ بندی کے درمیان 25 دن پہلے پیدا ہوئی تھی۔اس حملے میں صرف لڑکی کے دادا بچ گئے۔ شہید ہونے والوں میں اس کا بھائی، ماں اور باپ، ایک اور خاندان کے ساتھ تھے جن میں ایک باپ اور اس کے سات بچے شامل تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اسرائیل کی غزہ اور لبنان میں سیز فائر معاہدے کی سنگین خلاف ورزیاں، تازہ حملوں میں 7 فلسطینی شہید
اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان میں سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں 7 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فضائی کارروائیاں کیں، جن میں 3 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ جنگ بندی کے آغاز سے اب تک 236 فلسطینی شہید اور 600 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق مغربی علاقے میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے مزید دو لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ خان یونس سمیت دیگر علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اب تک 68 ہزار 858 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 664 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے بچوں سمیت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
ادھر لبنان میں بھی سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں ایک کار کو ڈرون سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار افراد شہید ہوئے۔
عالمی مبصرین کے مطابق اسرائیلی کارروائیاں سیز فائر معاہدے کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے۔